اضلاع میں منی حج ہاؤز کی تعمیر کی تجویز

سنگا ریڈی میں عنقریب سنگ بنیاد، سرسلہ اور سدی پیٹ میں بھی تعمیر کا منصوبہ
حیدرآباد ۔ 28۔ اگست (سیاست نیوز) صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ اقلیتوں کی زائد آبادی والے اضلاع میں منی حج ہاؤز کی تعمیر کا منصوبہ ہے ۔ سنگا ریڈی میں اوقافی اراضی پر منی حج ہاؤز کی تعمیر کو منظوری دی جاچکی ہے اور توقع ہے کہ اندرون ایک ہفتہ سنگا بنیاد رکھا جائے گا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ مسجد دیندار خاں کی اوقافی اراضی پر یہ منی حج ہاؤز تعمیر ہوگا۔ 2000 گز اراضی اس مقصد کیلئے متعین کی گئی ہے۔ محمد سلیم نے اپنے ایم ایل سی فنڈ سے 50 لاکھ روپئے منظور کئے ہیں۔ ان کے علاوہ مقامی رکن اسمبلی چنتا پربھاکر نے 50 لاکھ منظور کئے ۔ وزیر آبپاشی ہریش راؤ ایک کروڑ روپئے مختص کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سنگا ریڈی میں یہ ایک مثالی حج ہاؤز رہے گا ۔ محمد سلیم نے بتایا کہ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ کے حلقہ انتخاب سرسلہ میں بھی منی حج ہاؤز کی تعمیر کا منصوبہ ہے اور جلد ہی تعمیری کاموں کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ سدی پیٹ میں منی حج ہاؤز کی تعمیر کا سلسلہ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں کہیں مسلمانوں کی قابل لحاظ آبادی ہے، وہاں منی حج ہاؤز کی تعمیر کی تجویز ہے، اس کیلئے اوقافی اراضیات الاٹ کی جائے گی ۔ محمد سلیم نے کہا کہ حج سیزن کے بعد حج ہاؤز کو اقلیتی طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کیلئے استعمال کیا جائے گا ۔ انہیں مختلف پیشہ ورانہ کورسس میں ٹریننگ کا اہتمام کیا جاسکتا ہے ۔ مسابقتی امتحانات کی کوچنگ کلاسس اس عمارت میں منعقد کی جائیں گی۔