اضلاع میں اندرون 48 گھنٹے شدید بارش کا امکان

حیدرآباد میں بھی بوندا باندی ہونے کی پیش قیاسی
حیدرآباد۔/27جون، ( سیاست نیوز) بنگلہ دیش کے شمالی حصہ اور پڑوس میں موجود ہوائی سیکلون گردش اب اوڈیشہ ساحل اور اس سے متصل جنوبی خلیج بنگال او ر مغربی بنگال کی جانب گردش میں ہے اور سمندری سطح سے 6.7 کلو میٹر اوپر شمالی جانب اس کے جھکاؤ کے امکانات پائے جاتے ہیں۔ محکمہ موسمیات نے چہارشنبہ کو انتباہ دیا ہے کہ تلنگانہ کے اضلاع میں آئندہ 48 گھنٹوں میں شدید بارش کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے ساحلی آندھرا کے اضلاع میں آئندہ 24 گھنٹوں میں شدید بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ تلنگانہ کے کئی مقامات پر معمولی تا متوسط بوندا باندی کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ساحلی آندھرا اور رائلسیما کے کچھ علاقوں میں آئندہ پانچ دن تک بوندا باندی کی بھی پیش قیاسی کی گئی ہے۔ حیدرآباد اور اس کے نواح میں شام یا رات کے اوقات میں بوندا باندی کی پیش قیاسی کی گئی ہے اور درجہ حرارت 26 تا28 ڈگری سیلسیس رہے گا۔ تلنگانہ اور ساحلی آندھرا میں شمال مغربی مانسون نارمل اور رائلسیما ماں کمزور رہنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے۔