اشیاء کی سربراہی اور قیمتوں پر حکومت کی نگرانی

نئی دہلی 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) معتمد مال ہنسمکھ آدمیہ نے آج کہاکہ جی ایس ٹی کے نفاذ کے بعد ضروری اشیاء اور روز مرہ کے استعمال کے ساز و سامان کی مؤثر سربراہی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اشیاء کی سربراہی اور قیمتوں پر کڑی نظر رکھی ہوئی ہے۔ قومی سیلس ٹیکس جی ایس ٹی کے نفاذ پر عمل آوری کے بارے میں غلط فہمیوں کو دور کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ چھوٹے تاجرین کو بلز جاری کرنے کی ضرورت نہیں ہوگی کیوں کہ ایسی اسکیم میں ان کا احاطہ کیا گیا ہے جس کے تحت اُنھیں معینہ ٹیکس ادا کرنا ہوتا ہے۔ 25 لاکھ سے زائد کا کاروبار کرنے والے بڑے تاجرین کو بلز جاری کرنے کی ضرورت ہوتی ہے اور وہ بھی کمپیوٹر سے تیار کردہ بل ہی ضروری نہیں ہے بلکہ باضابطہ مناسب بل پر ہاتھ سے لکھی ہوئی رسید بھی ریٹرنس میں داخل کی جاسکتی ہے۔