اشرف غنی افغانستان کے نئے صدر

کابل۔ 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کی صدارت کے مسئلہ پر جاری تنازعہ بالآخر ختم ہوگیا اور دونوں صدارتی امیدواروں عبداللہ عبداللہ اور اشرف غنی کے مابین اقتدار میں شراکت کا معاہدہ طئے پایا ہے۔ اس معاہدہ کے تحت اشرف غنی موجودہ صدر حامد کرزئی کی جگہ لیں گے، جبکہ عبداللہ عبداللہ چیف ایگزیکٹیو نامزد کریں گے۔ افغانستان میں صدارتی انتخابات ماہ جون میں ہوئے لیکن دونوں امیدواروں کے مابین تنازعہ کی وجہ سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیا جاسکا تھا۔ اب طئے پائے معاہدہ کے تحت عبداللہ نے عملاً صدارتی عہدہ سے دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حریف اشرف غنی کو ملک کا نیا صدر ہونا چاہئے۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں امیدواروں میں متحدہ قومی حکومت کی تشکیل پر اتفاق رائے ہوگیا ہے۔ اس کے تحت اشرف غنی صدر ہوں گے جبکہ عبداللہ عبداللہ چیف ایگزیکٹیو نامزد کریں گے۔

افغانستان میں متحدہ حکومت کا خیرمقدم : امریکہ
واشنگٹن۔ 21 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ نے افغانستان میں اقتدار کی شراکت داری کے معاہدہ کا خیرمقدم کیا جس کے نتیجہ میں متنازعہ انتخابی نتائج پر کئی ماہ سے جاری کشیدگی اختتام کو پہونچی۔ امریکہ نے کہا کہ یہ اتحاد کیلئے اہم موقع ہے۔ وائٹ ہاؤز کے ترجمان جوز ارنیسٹ نے ایک بیان میں کہا کہ سیاسی معاہدے پر دستخط کے نتیجہ میں افغانستان کے سیاسی بحران کو ختم کرنے میں مدد ملے گی اور عوامی اعتماد بحال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم اس معاہدہ کی تائید کرتے ہیں اور نئے انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں۔ اشرف غنی اور عبداللہ عبداللہ کے مابین معاملت کے نتیجہ میں تین ماہ سے جاری تعطل اختتام کو پہونچا، کیونکہ انتخابی دھوکہ دہی اور بڑے پیمانے پر دھاندلیوں کے الزامات کی وجہ سے نہ صرف صدارتی نتائج کو روکنا پڑا بلکہ سیاسی بحران بھی شدید ہوگیا تھا کیونکہ امریکی زیرقیادت اتحادی افواج کی طالبان کے خلاف 13 سال سے جاری جنگ ختم ہوچکی ہے۔