اشرف صحرائی تحریک حریت کے نئے صدرنشین منتخب

سرینگر۔ 20 اگسٹ ۔(سیاست ڈاٹ کام) محمد اشرف صحرائی کو تین سال کیلئے تحریک حریت و جموں و کشمیر کے صدرنشین کی حیثیت سے منتحب کرلیا گیا ۔ قبل ازیں سید علی شاہ گیلانی اس عہدہ پر فائز تھے اور اس سال مارچ میں وہ اس عہدہ سے سبکدوش ہوگئے تھے جس کے بعد پہلی مرتبہ یہ انتخاب منعقد ہوئے جن میں صحرائی بھاری اکثریت سے صدرنشین منتخب ہوئے ہیں۔ اس تنظیم کے ایک ترجمان نے کہا کہ ’’تحریک کے ہیڈکوارٹرس پر گزشتہ روز انتخابات منعقد ہوئے تھے جن میں صحرائی کو 433 کے منجملہ 410 ووٹ حاصل ہوئے ۔ صحرائی نے پہلی مرتبہ انتخابی مقابلہ کیا تھا۔ گیلانی کی سبکدوشی کے بعد اس تنظیم کی مجلس عاملہ نے 19 مارچ کو انھیں عبوری صدرنشین نامزد کیا تھا۔