اس وقت شمالی کوریا سے بات چیت مناسب نہیں : وائیٹ ہاؤس

واشنگٹن ۔ 3 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) وائیٹ ہاؤس نے شمالی کوریا کے تعلق سے اب ایک ایسا موقف اختیار کیا ہے جس کی توقع نہیں کی جاسکتی تھی۔ اس کا استدلال ہیکہ شمالی کوریا کے ساتھ یہ بات چیت کرنے کا کوئی مناسب وقت نہیں ہے جبکہ شمالی کوریا نے بالسٹک میزائل ٹسٹ اور نیوکلیئر ہتھیاروں کے پروگرام کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی سراسر خلاف ورزی کرتے ہوئے جاری رکھا ہے۔ وائیٹ ہاؤس پریس سکریٹری سارہ سینڈرس نے اپنی روزانہ کی نیوز کانفرنس کے دوران اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے یہ واضح کردیا کہ اس وقت شمالی کوریا سے بات کرنا مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے یہ بات کہی جہاں ان سے پوچھا گیا تھا کہ کیا امریکہ شمالی کوریا سے بات چیت کرے گا۔ سارہ سینڈرس نے بتایا کہ شمالی کوریا سے اب تک جو بھی بات ہوئی ہے یا آگے ہونے والی ہے، وہ شمالی کوریا میں قید امریکی شہریوں کو واپس امریکہ لانے کے متعلق ہوگی۔ اس کے علاوہ کسی دیگر موضوع پر شمالی کوریا کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہوگی۔ یاد رہیکہ اس وقت شمالی کوریا میں تین امریکی شہری ہنوز حراست میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات بھی اپنی جگہ مسلمہ ہیکہ امریکہ شمالی کوریا پر سفارتی دباؤ بنائے رکھنے کا سلسلہ جاری رکھے گا۔ اگر بات چیت ہوئی بھی تو ٹرمپ انتظامیہ تمام متبادل مذاکرات کی میز پر رکھے گا۔ ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے سارہ سینڈرس نے کہا کہ صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو اپنے وزیرخارجہ ریکس ٹلرسن پر پورا اعتماد ہے۔