کھنڈوا ( مدھیہ پردیش ) 24 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ایک خاتون اور اس کا دو ماہ کا شیرخوار بچہ آج کرشماتی طور پر زندہ بچ گئے جب اس خاتون نے پٹریوں پر لیٹ کر خود کشی کی کوشش کی تھی ۔ کہا گیا ہے کہ یہ خاتون اپنے بچے کے ساتھ پٹریوں پر لیٹ گئی تھی تاکہ خود کشی کی جاسکے ۔ ایک ٹرین ان کے اوپر سے گذر بھی گئی تاہم دونوں کو کوئی گزند نہیں پہونچی ۔ یہ واقعہ کل نیپا نگر ریلوے اسٹیشن پر پیش آیا ۔ اس خاتون کی شناخت تبسم کی حیثیت سے ہوئی ہے جو کاشی ایکسپریس سے الہ آباد سے ممبئی سفر کر رہی تھی ۔ یہ خاتون نیپا نگر اسٹیشن پر ٹرین سے اتری اور اپنے دو ماہ کے بچے کے ساتھ پٹریوں پر لیٹ گئی جب پشپک کرانتی ایکسپریس وہاں آنے والی تھی ۔ کھنڈوا ریلوے پروٹیکشن فورس کے انچارچ ایس کے گرجر نے بتایا کہ عینی شاہدین نے بتایا کہ ٹرین ان دونوں کے اوپر سے گذر گئی اور انہیں کوئی گزند نہیں پہونچی ۔ اس خاتون کو دواخانہ منتقل کیا گیا تھا ۔ اس نے آر پی ایف عملہ کو بتایا کہ وہ شخصی مسائل کی وجہ سے خود کشی کرنا چاہتی تھی ۔