پٹنہ ۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے وزیر کوآپریٹیو جئے کمار سنگھ نے آج دعویٰ کیا کہ مشتبہ ریاگنگ کے بعد دہلی کے ایک دواخانہ میں ان کے فرزند آدرش کمار سنگھ موت و زیست کے عالم میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھیا اسکول گوالیار میں ان کے فرزند آدرش تعلیم حاصل کررہے تھے۔ اسکول کے حکام نے انہیں بتایا کہ ان کے فرزند نے چہارشنبہ کی شب خودکشی کرنے کی کوشش کی ہے اور ان کی حالت نازک ہے لیکن میں اس بات کو قبول کرنے سے انکار کرتا ہوں کہ میرے لڑکے نے خودکشی کی کوشش کی تھی۔ ڈاکٹروں نے اسے خودکشی کا کیس قرار نہیں دیا ہے بلکہ شبہ ظاہر کیا ہیکہ اسکول میں طلباء کی ریاگنگ کی وجہ سے ان کے فرزند کی یہ حالت ہوگئی ہے۔ ان کے فرزند نے اپنی ماں سے شکایت کی تھی کہ اسکول میں سینئر طلباء اسے ہراساں کررہے ہیں۔ ہم نے سوچا کہ یہ کوئی سنجیدہ معاملہ نہیں ہے لیکن اب بات شبہ کی حد تک بڑھ گئی ہے کہ ریاگنگ کی وجہ سے ہی ان کے فرزند کی حالت نازک ہوئی ہے۔