دبیر پورہ پولیس اسٹیشن میں تحصیلدار کی شکایت
حیدرآباد۔/23مئی، ( سیاست نیوز) چنچل گوڑہ میں گورنمنٹ اسکول کی عمارت کو منہدم کرنے پر دبیر پورہ پولیس نے عنبر پیٹ تحصیلدار کی شکایت پر مقدمہ درج کرلیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اسکول کی عمارت کو لینڈ گرابرس نے مبینہ طور پر منہدم کردیا تھا۔ ذرائع کے مطابق مذکورہ اراضی دو پارٹیوں کے درمیان اختلاف کا شاخسانہ ہے ۔ ایک پارٹی کا کہنا ہے کہ اراضی سرکاری ہے تو دوسری پارٹی کا دعویٰ ہے کہ یہ اراضی خانگی ہے۔ عمارت کے انہدام کے بعد محکمہ تعلیمات اور محکمہ مال کے عہدیداروں نے فوری جائے واردات کو پہنچ کر اس کا جائزہ لیا۔ دبیر پورہ سب انسپکٹر پولیس کے ایس روی کے مطابق تحصیلدار اے راج شیکھر نے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرواتے ہوئے بتایا کہ مذکورہ اراضی کا دوپارٹیوں کے درمیان تنازعہ عدالت میں مقدمہ زیر دوران ہے ۔ تحصیلدار مطابق مذکورہ اسکول عمارت محکمہ مال کی تحویل میں ہے۔ سب انسپکٹر نے مزید بتایا کہ اراضی پر ناجائز قبضہ کا مقدمہ زیر دوران ہے جس کے باعث محکمہ مال نے اس اراضی کو تحویل میں لے لیا ہے۔ پولیس عہدیدار نے مزید بتایا کہ رؤف علی خاں نامی شخص کے خلاف کارروائی کی گئی ہے کیونکہ وہی مبینہ طور پر عمارت کو منہدم کرنے کا ذمہ دار ہے۔ مذکورہ شخص کے خلاف 446 اور 427 دفعات کے تحت مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ اس دوران اعظم پورہ کے سابق کارپوریٹرمسٹر امجد اللہ خان خالد نے اس مسئلہ کو اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس اراضی کا تنازعہ سال 2009 سے جاری ہے اور کہا کہ اس سلسلہ میں ایف آئی آر بھی درج ہے۔ انہوں نے دبیر پورہ پولیس کو محکمہ مال کے ارسال کردہ مکتوب کے حوالے سے بتایاکہ اس اراضی کی حفاظت ناگزیر ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ گورنمنٹ اپر پرائمری اسکول کی خستہ حالت کی وجہ سے اسکول کو منتقل کیا گیا تھا ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انہوں نے حیدرآباد ڈسٹرکٹ کلکٹر کو بھی ایک مکتوب ارسال کرچکے ہیں جس میں بتایا کہ کس طرح لینڈ مافیا اراضی پر مبینہ طور پر ناجائز قبضہ کی کوشش کررہے ہیں۔ یہاں پر سال2009 سے تین اسکولس قائم ہیں۔ پرانے شہر میں خواندگی بڑھانے کیلئے مزید اسکولس قائم کرنے کی شدید ضرورت ہے۔