اسکول ، کالجس میں موبائیل فون استعمال کے خلاف اقدامات کا مطالبہ

چیف منسٹر کے سی آر کو سنگی ریڈی سرینواس ریڈی کا مکتوب
حیدرآباد ۔ 24 ۔ جولائی : ( ایجنسیز ) : جی ایچ ایم سی میں ٹی ڈی پی کے فلور لیڈر سنگی ریڈی سرینواس ریڈی نے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے اس بات کی خواہش کی ہے کہ اسکولوں اور کالجس میں بچوں کے موبائیل فون کے استعمال کے خلاف احکامات جاری کئے جائیں ۔ چیف منسٹر کے نام ایک مکتوب میں ریڈی نے کہا کہ طلبہ کی جانب سے فون کے استعمال سے نوجوان ذہنوں پر انتہائی خراب اثرات مرتب ہورہے ہیں۔ سنگی ریڈی نے توجہ دلائی کہ ایس ایم ایس ، ایم ایم ایس اور دیگر آن لائن رابطہ نہ صرف معصوم طلبہ کا کردار تباہ کررہا ہے بلکہ ان کے اندر جرائم جیسے تعاقب ، اجتماعی عصمت ریزی ، ایسڈ حملہ کی وجہ بنارہا ہے ۔ ٹی ڈی پی قائد نے کہا کہ کالج انتظامیہ کالج کیمپس اور کلاس رومس میں موبائیل فونس کے استعمال پر مکمل روک لگانے میں ناکام ثابت ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ کالجوں ، اسکولوں میں موبائیل فونس کے استعمال پر پابندی کے لیے قوانین پر سختی کے ساتھ عمل آوری کو یقینی بنانے کے لیے کالج اسکول انتظامیہ پر دباؤ ڈالیں ۔۔