اسکولس کے اوقات میں تبدیلی کی مخالفت

اساتذہ سے رائے لینے کی اپیل،وزیر تعلیم سے نمائندگی
حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں اسکولس کے اوقات کی تبدیلی کرنے ایس سی ای آر ٹی (اسٹیٹ کونسل آف ایجوکیشن ریسرچ ٹریننگ) کے جاری احکامات پر اپنا سخت اعتراض کرتے ہوئے مختلف ٹیچرس یونینوں نے نئے اوقات اسکولس پر عمل آوری سے قبل تمام ٹیچرس یونینوں کے ساتھ اہم اجلاس طلب کرنے اور اوقات اسکولس میں اضافہ سے پیدا ہونے والے مسائل کا تفصیلی جائزہ لینے کا حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کیا اسی سلسلہ میں بالخصوص تلنگانہ پروگریسیو پرائمری ٹیچرس یونین صدر مسٹر سید شوکت علی اورسکریٹری یونین مسٹر کے نرسمہا راو نے وزیر تعلیم ریاست تلنگانہ مسٹر جگدیش ریڈی سے ملاقات کر کے ایک یادداشت پیش کی ہے اور اس یادداشت میں بتایا گیا کہ کمشنر اسکول ایجوکیشن ریاست تلنگانہ کی جانب سے احکامات جاری ہونے کے بعد ہی تمام مدارس کے نئے اوقات پر عمل آوری کرنے کی فی الفور تمام ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسرس کو ہدایت دینے کی خواہش کی اور مدارس کے نئے اوقات پر یکم / ستمبر سے ہی عمل آوری کرنے ایس سی ای آر ٹی کے جاری کردہ احکامات پر عمل آوری سے روکدینے کا مطالبہ کیا۔ ان قائدین نے بتایا کہ مدارس کے اوقات کو صبح 9 بجے تا 4 بجے شام کردینے سے بالخصوص پرائمری اسکولس کے طلباء کو کافی مشکلات پیش آئیں گی کیونکہ کم عمر کے طلباء زیادہ وقت تک اپنی بھوک وغیرہ کو برداشت نہیں کرپائیں گے ۔ لہذا ان تمام طلباء کیلئے تغذیہ بخش غذا فراہم کرنے کیلئے بھی حکومت کو اقدامات کرنے چاہئے ۔ ان قائدین نے وزیر تعلیم مسٹر جگدیش ریڈی سے اس سلسلہ میں فوری اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ۔