اسکولس میں قانون حق تعلیم کے مطابق داخلوں پر شعور بیداری مہم کا آغاز

ڈی ای او سے 25 فیصد مفت داخلوں کے احکامات کی اجرائی کا خیر مقدم ، مختلف شخصیتوں کی شرکت
حیدرآباد ۔ 15؍ جون ( سیاست نیوز) شہر کے اسکولوں میں قانون حق تعلیم کے تحت داخلوں کی فراہمی کے متعلق شعور بیداری مہم کا آغاز آج چار مینار سے کیا گیا ۔ مختلف تنظیموں کے ذمہ داران نے آج چار مینار تا مدینہ بلڈنگ ریلی منظم کرتے ہوئے اسکول میں داخلوں کی مہم کا آغاز کیا ۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے بیانر تلے نکالی گئی اس ریلی میں خانگی اسکولوں میں 25 فیصد غریب و مستحق طلبہ کو مفت داخلوں کی فراہمی کی راہیں ہموار کرنے کا مطالبہ کیا گیا ۔ اس ریلی میں جناب سید عزیز پاشاہ ‘ مسٹر وینکٹ سوامی ‘ مسٹر ناگراج ‘ مسٹر اکرم ‘ ڈاکٹر مظہر حسین ‘ مولانا سید حامد حسین شطاری ‘ مسٹر رام یادو ‘ مولانا سید شاہ فضل اللہ قادری الموسوی ‘ مسٹر ایس سری سیلم کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔ امن ریلی کا اور بریلینٹ گرامر اسکول و دیگر تعلیمی اداروں کے طلبہ نے اس ریلی میں حصہ لیا ۔ شرکاء نے 17 مارچ کو ڈائرکٹر اسکول ایجوکیشن تلنگانہ کی جانب سے 25 فیصد مفت داخلوں کی فراہمی کے سلسلہ میں احکام کی اجرائی کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خانگی اسکولوں کو فیس بازادائیگی و دیگر امور کے سلسلہ میں شفافیت پیدا کرتے ہوئے اسکول انتظامیہ کو یقین دلوائیں کہ انہیں اس اقدام سے کوئی دشواریوں کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا ۔ ریالی کے شرکاء نے تمام خانگی اسکولوں کے ذمہ داران سے خواہش کی کہ وہ اس قانون پر موثر عمل آوری کو یقینی بنائیں ۔ علاوہ ازیں حکومت کو چاہئے کہ محکمہ تعلیم کی جانب سے شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے عوام کو آر ٹی ای کے تحت داخلے دلوانے کی ترغیب دیں ۔ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکامات کے سلسلہ میں فوری طور پر تمام خانگی اسکولوں کے ذمہ داران کو واقف کروائے جانے کی ضرورت ہے اور اس بات کی وضاحت کی جانی چاہئے کہ 25 فیصد آر ٹی ای کے تحت داخلوں کے اہل کونسے طلبہ ہیں جنہیں خانگی اسکول انتظامیہ کو داخلے فراہم کرنے ہوں گے ۔ 17 مارچ 2015 کو ڈائرکٹر آف اسکول ایجوکیشن مسٹر ایس بی مہارشی نے اعلامیہ نمبر RC.No.45/PS.3-1/2015 جاری کرتے ہوئے حیدرآباد و ورنگل کے تمام اسکولوں میں پسماندہ طبقات سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو قانون حق تعلیم کے تحت لازمی داخلے فراہم کرنے کی ہدایات جاری کردی ہیں ‘ جن پر عمل آوری اسکول انتظامیہ کی ذمہ داری ہے جو لوگ ان احکام کی خلاف ورزی کرتے ہوئے داخلے فراہم نہیں کرتے ہیں ان کے خلاف محکمہ تعلیم سے شکایت کی جاتی سکتی ہے ۔ جناب محمد تراب کنوینر نے بتایا کہ کووا اور دیگر تنظیموں کی جانب سے چلائی گئی مہم کے مثبت اثرات برآمد ہوئے ہیں اور امید ہے کہ حیدرآباد ریجن میں موجود تمام اسکول ان احکامات پر عمل آوری کریں گے ۔