ایس ایس سی کا نصاب 10 جنوری 2019 تک مکمل کرنے کی ٹیچرس کو ہدایت ، 9 تا 4-15 بجے اسکولس کے اوقات
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : گورنمنٹ اسکولس ٹیچرس کی جانب سے اسکولس میں سمسٹرس نظام کی تجویز سامنے آئی ہے ۔ سکریٹریٹ میں ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیر تعلیم کڈیم سری ہری کی سرپرستی میں منعقدہ ایک اجلاس میں سی سی ای نظام کی بجائے سمسٹر سسٹم کو متعارف کرنے کی تجویز دی گئی ہے ۔ جس پر وزیر تعلیم نے ڈائرکٹوریٹ آف اسکول ایجوکیشن کے عہدیداروں کو اس تجویز پر غور کرنے کی ہدایت دی ہے ۔ یاد رہے کہ یکم جون سے اسکولس میں نئے تعلیمی سال 2018-19 کا آغاز ہورہا ہے ۔ ریاستی حکومت نے تعلیمی سال کے کیلنڈرس 2018-19 کو منظوری دے دی ہے جس کے تحت 2018 میں تعلیمی سال کا آغاز یکم جون کو ہوگا اور آخری دن 12 اپریل 2019 ہوگا اس طرح آئندہ گرمائی تعطیلات کا آغاز 13 اپریل کو ہوگا جو کہ 31 مئی 2019 تک جاری رہیں گے ۔ علاوہ ازیں طلبہ کو دسہرہ کی 13 روزہ تعطیلات 9 تا 21 اکٹوبر ملیں گی جب کہ سنکرانتی کی تعطیلات 11 تا 7 جنوری 2019 رہیں گی ۔ نیز کرسمس کی تفصیلات 23 تا 29 دسمبر ہوں گی جو کہ مشنری اسکولس کے لیے ہوں گی ۔ تمام اسکولی ٹیچرس کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تمام مضامین کا نصاب دسویں جماعت کے لیے 10 جنوری 2019 تک مکمل کرلیں اور مارچ 2019 میں ایس ایس سی امتحانات سے قبل اعادہ کی کلاسیس اور فری فائینل امتحانات کا بھی انعقاد عمل میں لایا جائے ، جب کہ اول تا نہم جماعت کا نصاب 28 فروری 2019 تک مکمل کرلیا جائے ۔ اسکولوں کے اوقات کے لیے بھی احکامات جاری کردئیے گئے ہیں جیسا کہ ریاست میں ہائی اسکولس کے اوقات صبح 9-30 تا شام 4-45 تک ہوں گے جب کہ حیدرآباد اور سکندرآباد میں بہ اوقات 9 بجے صبح تا شام 4-15 بجے تک ہوں گے ۔۔