اسکولس میں اردو کو لازمی مضمون شامل کرنے کا تیقن

اردو اکیڈیمی جدہ کی ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی سے نمائندگی
جدہ ۔ 14 ۔ مئی : ( ای میل ) : ریاست تلنگانہ کے نائب وزیر اعلیٰ جناب محمد محمود علی نے جدہ میں اپنے قیام کے دوران ایک اجلاس میں اردو اکیڈیمی جدہ کی جانب سے پیش کی گئی قرار داد کو قبول کرتے ہوئے اکیڈیمی کے ذمہ داران اور این آر آئیز کی تنظیموں کو یقین دلایا کہ حکومت تلنگانہ اردو کو اس کا جائز مقام دلانے کے اپنے ارادے پر اٹل ہے اور اردو زبان کو تمام مدارس میں ایک لازمی مضمون کے طور پر شامل نصاب کرنے کے لیے محکمہ تعلیم کو ضروری ہدایات عنقریب دئیے جائیں گے ۔ اردو اکیڈیمی جدہ کے صدر جمال قادری اور ان کے رفقاء سید محمد خالد حسین ، سید شمس الدین قادری ، محمد عباس خان اور تلنگانہ گلف ایمپلائز فورم کے صدر معظم علی افتخار نے جناب محمود علی کو قرار داد پیش کی ۔ ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور دیگر اہم وزراء نے میڈیا کے ذریعہ بارہا اپنے عزائم کا ذکر کیا ہے کہ وہ آصف جاہ نظام سابع کی طرز پر ریاست تلنگانہ میں اردو کو ایک لازمی مضمون کے طور پر شامل نصاب کریں گے ۔ لیکن اس سلسلے میں ابھی تک کوئی حکومتی اعلامیہ جاری نہ ہوسکا ۔ سعودی عرب میں مقیم این آر آئیز ، محبان اردو اور دیگر تنظیمیں اردو اکیڈیمی جدہ کی وساطت سے حکومت تلنگانہ سے پر زور مطالبہ کرتی ہیں کہ آنے والے تعلیمی سال سے اردو کو ایک لازمی مضمون کے طور پر تمام مدارس میں شامل نصاب کرنے کے سرکاری احکام جاری فرمائے ۔ حکومت تلنگانہ کے اس اقدام سے جہاں ریاست میں امن و امان اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی فضا قائم ہوسکے گی وہیں آنے والی نسلوں میں اردو زبان کی تہذیب و ثقافت ، روا داری و انسانیت کے اقدار منتقل ہونگے ۔۔