اسکالر شپس سے طلبہ کی حوصلہ افزائی

عذرا مسعود ٹرسٹ سے تقسیم اسکالر شپس ، جناب زاہد علی خاں کا خطاب
حیدرآباد ۔ 13 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : اسکالر شپس کے ذریعہ نہ صرف طالب علم کی حوصلہ افزائی ہوتی ہے بلکہ اس سے ہونہار اور ذہین طلبہ میں نیا جذبہ اور جوش پیدا ہوتا ہے ۔ آج لڑکیاں لڑکوں سے تعلیم کے میدان میں آگے ہیں ۔ لیکن لڑکوں میں جو صلاحیتیں ہیں ان کو صحیح طور پر بروئے کار لاتے ہوئے ترقی کی منزلیں طئے کی جاسکتی ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار جناب زاہد علی خاں ایڈیٹر سیاست نے یہاں محبوب حسین جگر ہال احاطہ سیاست میں عذرا مسعود ایجوکیشنل ٹرسٹ کے اسکالر شپ کی تقسیم کرتے ہوئے کیا اور کہا کہ یہ ٹرسٹ ہر سال اسکول اور کالج کے طلبہ کی مالی اعانت کے لیے اسکالر شپ دیتا ہے اس کے لیے جناب شجاعت علی مسعود قابل مبارکباد ہیں جو اپنی زوجہ مرحوم کے نام سے عذرا مسعود ٹرسٹ بناکر ایک ٹھوس خدمت کررہے ہیں ۔ ادارہ سیاست کی مختلف سرگرمیوں کے حوالہ سے اپنی تقریر کے سلسلہ کو جاری رکھتے ہوئے نوجوان نسل کو مشورہ دیا کہ وہ زندگی میں میسر نئی عصری سہولیات سے ضرور استفادہ کریں لیکن اس کا غلط استعمال نہ کریں ۔ میر شجاعت علی مسعود صدر نشین عذرا مسعود ایجوکیشنل چیرٹیبل ٹرسٹ نے خیر مقدم کیا اور اپنی تعارفی تقریر میں ٹرسٹ کے مقاصد بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی زوجہ مرحوم عذرا کو طلبہ سے دلی ہمدردی تھی وہ ہمیشہ خاموش خدمت کرتے ہوئے طلبہ کی مالی امداد کرتی تھیں چنانچہ ان کی وفات کے بعد بھی ان سے موسوم یہ سلسلہ جاری ہے ۔ آج دفتر سیاست کے اس محبوب حسین جگر ہال میں 250 طلباء و طالبات میں ڈھائی لاکھ رقم کی اسکالر شپ دی جارہی ہے ۔ محمد یونس مینجنگ ٹرسٹی نے معاونیت کی جب کہ احمد بشیر الدین فاروقی ریٹائرڈ ڈپٹی ایجوکیشنل آفیسر نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ مولانا سید حیدر علی الحسینی قادری اور حافظ صابر پاشاہ قادری مہمانان اعزازی تھے ۔ پروگرام کا آغاز قرات سے ہوا ۔ اس موقع پر جناب احمد صدیقی مکیش ، عبداللطیف ، ایم اے حمید ، محمد معید موجود تھے ۔ آخر میں میر شجاعت علی مسعود نے شکریہ ادا کیا ۔۔