پرسکون انداز میں پارلیمانی کارروائی کو یقینی بنانے سمترامہاجن کی مساعی
نئی دہلی ۔ 16 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) پارلیمنٹ کے مانسون سیشن کے آغاز سے قبل لوک سبھا کی اسپیکر سمترا مہاجن کل یہاں ترتیب دیئے گئے ایک ڈنر میں مختلف جماعتوں کے قائدین سے تبادلہ خیال کریںگی ۔ پارلیمانی مانسون سیشن 18 جولائی سے شروع ہوگا ۔ لوک سبھا سکریٹریٹ کے مطابق سیشن کی کارکردگی کو پرسکون انداز میں چلانے اور مختلف بلس کی منظوری کو یقینی بنانے کیلئے مختلف جماعتوں سے تعاون طلب کریں گی ۔ توقع ہیکہ وزیراعظم نریندر مودی ڈنر میں موجود رہیں گے تاہم اجلاس میں شرکت نہیں کریں گے ۔ یہ اجلاس پارلیمنٹ لائبریری کی عمارت میں ہوگا جس کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ حکومت کا اجلاس ہوگا ۔ ان اجلاسوں سے ایک دن قبل اپوزیشن جماعتوں نے آج پارلیمنٹ میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد کے دفتر میں اپنا اجلاس منعقد کیا جس میں کانگریس اور دیگر جماعتوں نے شرکت کی ۔ کانگریس سے تعلق رکھنے والے پی جے کورئین کی بحیثیت نائب صدرنشین راجیہ سبھا یکم جولائی کو میعاد مکمل ہوگئی جن کی سبکدوشی کے بعد مخلوعہ عہدہ پُر کرنے کیلئے مشترکہ امیدوار کی نامزدگی اپوزیشن قائدین کے اجلاس کا اہم ایجنڈہ ہوگا ۔