اسپیکر اسمبلی کا سیما۔ آندھرا سے اظہار محبت

حیدرآباد /30 جنوری (سیاست نیوز) گورنمنٹ چیف وہپ جی وینکٹ رمنا ریڈی نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی نے سیما۔ آندھرا سے اپنی محبت کا اظہار کیا ہے اور چیف منسٹر کرن کمار ریڈی نے صرف سیما۔ آندھرا کے چیف منسٹر ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی ہونے کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سیما۔ آندھرا کے ارکان نے اسمبلی میں اپنی اکثریت کا ناجائز فائدہ اٹھاتے ہوئے تلنگانہ مسودہ بل کے استرداد کی قرارداد منظور کی ہے، تاہم اس سے کوئی فرق پڑنے والا نہیں ہے اور نہ ہی یہ قرارداد تلنگانہ کی تشکیل میں کوئی رکاوٹ پیدا کرسکے گی۔ انھوں نے کہا کہ چیف منسٹر کی نوٹس کو قرارداد میں تبدیل کرکے اسپیکر نے سیما۔ آندھرا سے اپنی محبت کا ثبوت دیا ہے۔ گورنمنٹ چیف وہپ نے کہا کہ اسمبلی میں عددی طاقت کا فائدہ اٹھاتے ہوئے نظریاتی، جماعتی اور اصولی اختلافات کے باوجود کرن کمار ریڈی، چندرا بابو نائیڈو اور جگن موہن ریڈی متحد ہو گئے اور ایک منظم سازش کے تحت اسمبلی میں قرارداد منظور کرائی گئی، جب کہ اصل میں اخلاقی جیت تلنگانہ کی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اسمبلی میں عددی طاقت کا استعمال کرکے تلنگانہ کی آواز کو دبانے کی کوشش کی گئی ہے۔