بارسلونا ۔ 20 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) نیشنل پولیس نے کاتالونیا سمیت اسپین کے 6 صوبوں میں چھاپے مار کر 54 افراد پر مشتمل کریڈٹ کارڈز دھوکہ دہی میں ملوث گروہ کو گرفتار کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق یہ گروہ غیرملکی بینکوں کے جاری کردہ کریڈٹ کارڈز کا سرقہ کرنے کے بعد اسپین میں لا کر کاروباری مراکز کے نام پر حاصل کی گئی کریڈٹ کارڈ مشینوں کے ذریعہ رقم وصول کر لیتے تھے۔ پولیس نے 5 مکانوں پر چھاپہ مار کر ان مشینوں کو اپنے قبضہ میں لے لیا ہے جس سے گروہ کے ارکان رقم اپنے اکاونٹس میں منتقل کرتے تھے۔ یہ مشینیں جعلی کاروباری مراکز کے نام پر حاصل کی گئی تھیں جبکہ ان مراکز کا کوئی وجود نہیں۔ گروہ کے گرفتار ارکان جعلی کریڈٹ کارڈز کے ذریعہ مختصر مدت میں بھاری رقوم نکال کر کارڈ ز کو جلا ڈالتے تھے۔