اسپین اور پرتگال میں شدید گرمی، شہریوں کو احتیاط کی ہدایت

میڈرڈ ۔ 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) یورپی ملک اسپین اور پرتگال گرمی کی شدید لہر کی لپیٹ میں ہیں اور حکام نے شہریوں کی صحت کے حوالے سے وراننگ جاری کی ہے۔ان ممالک کے بعض علاقوں میں درجہ حرارت 40 سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا ہے جبکہ اسپین کے چالیس سے زائد صوبوں میں گرم موسم کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔ اسپین کے جنوبی شہر قرطبہ میں ریڈ الرٹ جاری کیا گیا۔ ہمسایہ ملک پرتگال نے چار خطوں کے لیے اورنج الرٹ جاری کیا ہے۔دونوں ممالک میں خبردار کیا گیا ہے کہ گرم موسم کے نتیجے میں جنگلوں میں آگ لگنے کا خدشہ ہے۔ اسپین کے محکمہ موسمیات کے ایک ترجمان نے بتایا کہ موجودہ موسمی حالات غیر معمولی ہیں۔انھوں نے خبردار کیا کہ غیر معمولی درجہ حرارت کے نتیجے میں شہریوں کی صحت کو بہت زیادہ خطرہ لاحق ہو سکتا ہے۔ اسپین کے شہر قرطبہ، اشبیلیہ اور طلیطلہ پیر کو گرمی کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے جبکہ بعض علاقوں میں درجہ حرارت 44 سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا توقع ہے۔اشبیلیہ میں لوگوں نے گرمی سے بچنے کے لیے دریا کا رخ کیا اور وہاں نہاتے رہے جبکہ حکام نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ انھیں دن میں کم از کم تین لیٹر پانی پینا چاہیے اور گرم خوراک کھانے سے پرہیز کریں۔گرمی کی لہر پھیلنے کے خدشے سے فرانس اور برطانیہ میں بھی تشویش پائی جاتی ہے۔سال 2003 میں یورپ میں گرمی کی شدید لہر کے نتیجے میں 70 ہزار افراد مارے گئے تھے۔