اسپیشل پبلک پراسکیوٹر کی برطرفی پر سپریم کورٹ کا منقسم فیصلہ

نئی دہلی 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے ڈی ایم کے لیڈر کی جانب سے پبلک پراسکیوٹر کو برطرف کرنے کیلئے دائر کردہ درخواست پر منقسم فیصلہ سنایا۔ اُنھوں نے پبلک پراسکیوٹر کو کرناٹک ہائیکورٹ میں نمائندگی سے روکنے کے لئے یہ درخواست دی تھی جس نے سابق چیف منسٹر ٹاملناڈو جے جیہ للیتا کے غیرمحسوب اثاثہ جات مقدمہ میں دائر کردہ اپیل پر اپنا فیصلہ محفوظ رکھا ہے۔ سپریم کورٹ کے منقسم فیصلہ کی بنا یہ معاملہ چیف جسٹس ایچ ایل دتو سے رجوع کردیا جائے گا تاکہ واضح فیصلہ کے لئے وسیع تر بنچ تشکیل دی جاسکے۔ جسٹس مدن وی لوکر کی زیرقیادت بنچ نے ڈی ایم کے لیڈر کے انبزاگن کی درخواست منظور کرلی لیکن جسٹس آر بانومتی نے جسٹس لوکر سے اختلاف کرتے ہوئے کہاکہ اسپیشل پبلک پراسکیوٹر اپنی ریاست کے ساتھ ساتھ کرناٹک ہائیکورٹ میں نمائندگی کے بھی مجاز ہیں۔