حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ (سیاست نیوز) حیدرآباد ہائیکورٹ کے جسٹس سی کودنڈا رام نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ جی او 73 کو عبوری طور پر معطل کرنے کے احکامات جاری کئے، جس کے تحت اسپیشل آفیسر کی حیثیت سے محمد جلال الدین اکبر کا تقرر کیا گیا تھا۔ سکریٹری انوارالعلوم ایجوکیشن سوسائٹی کی جانب سے اس سلسلہ میں عدالت میں درخواست پیش کی گئی اور جی او 73 کو چیلنج کیا گیا۔ درخواست گزار کے وکیل کا استدلال تھا کہ حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری کردہ احکامات اور اسپیشل آفیسر کا تقرر غیر قانونی ہے۔ عدالت نے سماعت کے بعد جی او کو عبوری طور پر معطل کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت اور فریقین کو نوٹس جاری کی ہے۔ انہیں جوابی حلفنامہ داخل کرنے کی ہدایت دی گئی ۔ مقدمہ کی آئندہ سماعت حکومت اور محکمہ اقلیتی بہبود کی جانب سے جوابی حلفنامہ داخل کرنے کے بعد ہوگی۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے ذرائع کا کہنا ہے کہ درخواست گزارنے جس جی او کو چیلنج کیا ہے، اسے حکومت نے پہلے ہی منسوخ کردیا تھا اور اسپیشل آفیسر کا تقرر دوسرے جی او کے ذریعہ کیا گیا۔