اسپیشل آفیسر وقف بورڈ شیخ محمد اقبال کی کے سی آر چیف منسٹر تلنگانہ سے ملاقات

اوقافی جائیدادوں کے تحفظ ، ترقی ، آمدنی اور اقلیتوں کی بہبود پر رپورٹ کی پیشکش

حیدرآباد ۔ 9 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب شیخ محمد اقبال آئی پی ایس نے آج چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی ۔ انہوں نے اوقافی جائیدادوں کے تحفظ ان کی ترقی اور اس کی آمدنی سے اقلیتوں کی بہبود کو یقینی بنانے سے متعلق تجاویز پر مبنی تفصیلی رپورٹ چیف منسٹر کو پیش کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ ان کی حکومت اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے بارے میں سنجیدہ ہے اور اوقافی جائیدادوں پر غیر مجاز قبضوں کی برخاستگی کے لیے تمام ضروری اقدامات کئے جائیں گے ۔ جناب شیخ محمد اقبال نے اپنی رپورٹ میں تجویز پیش کی کہ حکومت کے علاوہ ضلع نظم و نسق اور وقف بورڈ میں بہتر تال میل کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں کو بچایا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ محکمہ مال اس سلسلہ میں وقف بورڈ سے مکمل تعاون کرے کیوں کہ ہر ضلع میں گذشتہ کئی برسوں سے وقف کے تنازعات متعلقہ آر ڈی اوز کے پاس زیر التواء ہیں ۔ سابق میں ضلع کلکٹرس کی قیادت میں ٹاسک فورس تشکیل دی گئی تھی لیکن کسی بھی ضلع میں اس پر عمل نہیں ہورہا ہے ۔ اسپیشل آفیسر نے اوقافی جائیدادوں کی ترقی کے لیے وقف ڈیولپمنٹ کارپوریشن کے قیام کی تجویز پیش کی اور کہا کہ حکومت سرمایہ کاری کے ذریعہ اوقافی جائیدادوں کو ترقی دے کر نہ صرف اپنی رقم واپس لے سکتی ہے بلکہ اس سے منافع بھی حاصل ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ اوقافی جائیدادوں کی آمدنی میں اضافہ کے ذریعہ اقلیتوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی پر توجہ مرکوز کی جائے تو حکومت کو علحدہ بجٹ مختص کرنے کی ضرورت نہیں پڑے گی ۔ بہ شرطیکہ حکومت سنجیدگی سے اقدامات کرے ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ چیف منسٹر تلنگانہ میں موجود اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے لیے محکمہ مال اور ضلع کلکٹرس کو ضروری ہدایت دیں گے ۔۔