حیدرآباد۔/5فبروری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت نے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب جلال الدین اکبر ( آئی ایف ایس ) کی میعاد میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ توقع ہے کہ بہت جلد اس سلسلہ میں احکامات جاری کردیئے جائیں گے۔ جناب جلال الدین اکبر کی میعاد بحیثیت اسپیشل آفیسر 7فبروری کو مکمل ہورہی ہے۔ وقف ایکٹ کے مطابق اسپیشل آفیسر کا تقرر 6 ماہ کیلئے کیاجاسکتا ہے تاہم حکومت کو اس میں توسیع کا اختیار حاصل ہے۔ وقف بورڈ کی تشکیل کے سلسلہ میں دونوں حکومتوں کو تکنیکی رکاوٹ درپیش ہے۔ ریاست کی تقسیم کے باوجود وقف بورڈ کی تقسیم کا عمل ابھی تک مکمل نہیں ہوا چونکہ وقف بورڈ مرکزی وقف ایکٹ کے تحت آتا ہے لہذا اس کی تقسیم کی ذمہ داری سنٹرل وقف کونسل اور مرکزی وزارت اقلیتی بہبود کی ہے۔ بورڈ کی تقسیم کے سلسلہ میں متعلقہ فائیل مرکزی حکومت کو روانہ کردی گئی ہے۔ واضح رہے کہ 6ماہ کی مدت کے دوران وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے اور اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے سلسلہ میں جناب جلال الدین اکبر نے کئی موثر اقدامات کئے۔ چونکہ وقف بورڈ کی تشکیل کیلئے وقت درکار ہے لہذا حکومت نے ان کی میعاد میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ جناب محمد محمود علی نے اس سلسلہ میں اہم رول ادا کیا اور چیف منسٹر کو واقف کرایا کہ وقف بورڈ کی کارکردگی بہتر بنانے کیلئے موجودہ اسپیشل آفیسر کی برقراری ضروری ہے۔ جناب جلال الدین اکبر ڈائرکٹر اقلیتی بہبود تلنگانہ کے عہدہ پر فائز ہیں اور حکومت نے انہیں اسپیشل آفیسر کی زائد ذمہ داری دی ہے۔ اسپیشل سکریٹری اقلیتی بہبود تلنگانہ نے اسپیشل آفیسر وقف بورڈ کی میعاد کی تکمیل کے بارے میں حکومت کو فائیل روانہ کی جس میں کسی بھی نام کی سفارش نہیں کی گئی۔