نئی دہلی ۔ 17 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اسپائس جیٹ کے ممبئی جارہے طیارہ میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی اور 175 مسافرین بال بال بچ گئے۔ یہ واقعہ منگل کی صبح پیش آیا۔ SG 451 طیارہ نے دہلی میں اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایرپورٹ سے پرواز کی لیکن فوری بعد انجن میں اچانک خرابی پیدا ہوگئی اور پائلیٹ نے طیارہ کو بحفاظت دہلی واپس لالیا۔ ماہرین نے بعد ازاں اس طیارہ کی جانچ کی اور انجن کے فیول پمپ میں خرابی کو دور کردیا۔ اس کے بعد انجنیئرس نے فیول پمپ میں استعمال ہونے والے چار اسکرو کے منجملہ ایک کو صحیح ڈھنگ سے فٹ نہیں کیا تھا۔ اس کے بعد جب منگل کی صبح طیارہ نے دوبارہ پرواز کی تو اسکرو صحیح فٹ نہ ہونے کی وجہ سے پریشر پر اثر پڑا ہے اور پھر اسے دوبارہ درست کرنا پڑا۔ اسپائٹ جیٹ کے ترجمان نے بتایا کہ یہ ایک تکنیکی خرابی تھی۔ طیارہ کو دہلی واپس ہونا پڑا اور اس نے بحفاظت لینڈنگ کی۔ تمام مسافرین کی دیگر طیاروں کے ذریعہ روانگی کا انتظام کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ مسافرین کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے۔ اس معاملہ میں بھی ایندھن کا اخراج نہیں ہورہا تھا بلکہ یہ فیول پمپ کا مسئلہ تھا اور اس کی وجہ معلوم کی جارہی ہے۔