اسٹالن ڈی ایم کے کے بلا مقابلہ صدر منتخب

راہول گاندھی ، راجناتھ سنگھ اور دیگر سیاستدانوں کی مبارکباد
چینائی 28 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) ایم کے اسٹالن کو آج ڈی ایم کے کا بلا مقابلہ صدر منتخب کرلیا گیا جس کے ساتھ ہی ٹاملناڈو کی اس اپوزیشن جماعت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔ قبل ازیں اسٹالن کے والد آنجہانی کروناندھی تقریباً پانچ دہائیوں تک اس پارٹی کی صدارت پر فائز رہے تھے۔ 65 سالہ اسٹالن جو ڈی ایم کے کے دوسرے صدر ہیں۔ اس پارٹی کے صدر کے لئے ہونے والے انتخابات کے لئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے والے واحد امیدوار تھے۔ ڈی ایم کے کے جنرل سکریٹری کے انباژ ہاگن نے آج یہاں منعقدہ اس پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس میں یہ اعلان کیا۔ کروناندھی کے 7 اگسٹ کو انتقال کے تین ہفتوں بعد ان کے فرزند اسٹالن اس عہدہ پر فائز ہوئے ہیں۔ اُنھیں اپنے ہی بڑے بھائی اور پارٹی سے خارج شدہ لیڈر ایم کے الاگیری نے دھمکی دی تھی کہ اگر اُنھیں پارٹی میں دوبارہ شامل نہ کیا گیا تو اس کے سنگین عواقب کا سامنا کرنا ہوگا۔ کروناندھی 1969 ء میں اس پارٹی کے پہلے صدر بنے تھے۔ صدر کانگریس راہول گاندھی، سماج وادی پارٹی صدر اکھیلیش یادو ، ترنمول کانگریس صدر ممتابنرجی ، مرکزی وزیرداخلہ راجناتھ سنگھ ، چیف منسٹر پڈوچیری نارائن سوامی اور اعلیٰ سطحی سیاستدانوں نے ایم کے اسٹالن کی بطور صدر ڈی ایم کے ترقی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ دیگر سیاستدانوںمیں کانگریس قائد غلام نبی آزاد اور سابق صدرجمہوریہ ہند پرنب مکرجی بھی شامل تھے۔ ڈی ایم کے قائد رجنی کانت نے ٹیلیفون پر مبارکباد پیش کی۔ ٹاملناڈو بی جے پی کے صدر ٹی سوندر راجن ، نامور قائد ڈی مرگن ، صدر پردیش ٹاملناڈو کانگریس ، ایم ڈی ایم کے کے بانی وائیکو ، سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری آر متراسن صدر ٹاملناڈو کانگریس وی کے واسن اور دیگر سیاستدانوں نے اسٹالن کی بطور صدر ڈی ایم کے ترقی پر انہیں مبارکباد پیش کی۔ اسٹالن نے تمام قائدین سے بشمول راہول گاندھی، ممتابنرجی اور اکھیلیش یادو اظہارتشکر کیا۔ انہوں نے ان کی ترقی پر نیک خواہشات پیش کی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وہ پارٹی کے چار اصولوں عزت نفس، سماجی انصاف، معقولیت اور سیکولرازم کے تحفظ کے پابند رہیں گے۔ اسٹالن نے گوپال پرم کا دورہ بھی کیا جہاں ان کا خاندان مقیم ہیں۔