اسٹالن ڈی ایم کے کے ایگزیکٹو صدر مقرر

چنئی، 4 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) دراوڑ مننیتر کژگم (ڈی ایم کے ) کے صدر ایم کروناندھی کے بیٹے اور پارٹی کے خزانچی ایم کے سٹالن کو آج ڈی ایم کے کا ایگزیکٹو صدر بنایا گیا۔ ڈی ایم کے کی یہاں ہونے والے عام کونسل کے اجلاس میں اس امر کی تجویز کو متفقہ منظور کیا گیا۔ ڈی ایم کے جنرل سکریٹری کے انبازگن نے اجلاس میں یہ تجویز پیش کی جس کی تائید پارٹی ہیڈ کوارٹر میں پرنسپل سکریٹری دورائی مورگن نے کی۔ تجویز کے مطابق مسٹر اسٹالن پارٹی کے خزانچی بھی بنے رہیں گے ۔ مسٹر اسٹالن کے ایگزیکٹو صدر بنتے ہی عام کونسل کے ہزاروں ارکان نے نعرے لگا کر ان کا استقبال کیا۔ قرارداد منظور ہونے کے بعد پارٹی کے سینئر ارکان نے انہیں مبارکباد دی اور مسٹر اسٹالن نے پارٹی میں اپنا قد بڑھنے کے بعد مسٹر انبازگن سے دعا لی ۔