اسمگلر سفارت کار کا بنگلہ دیش سے اخراج

ڈھاکہ ۔ 10 مارچ۔(سیاست ڈاٹ کام) ایک عجیب و غریب واقعہ میں شمالی کوریا نے بنگلہ دیش سے معذرت خواہی کی ہے کیونکہ شمالی کوریا کے ایک سفارت کار کو بنگلہ دیش میں 27 کیلوگرام سونا اسمگل کرنے کی پاداش میں رنگے ہاتھوں پکڑا گیا تھا ۔ شمالی کوریا کی معذرت خواہی دراصل بنگلہ دیش کی وزارت خارجہ کی جانب سے شمالی کوریائی سفیر سانگ ہیون کو طلب کئے جانے اور انھیں 72 گھنٹوں کا الٹی میٹم دیئے جانے تاکہ وہ کمرشیل کونسلر سون ینگ نام کو بنگلہ دیش سے نکل جانے کا حکم دے کیونکہ انھوں نے 5مارچ کو بنگلہ دیش میں 27 کیلوگرام سونا اسمگل کرنے کی کوشش کی تھی ، کے بعد سامنے آئی ۔ بنگلہ دیشی وزارت خارجہ کے مشرقی ایشیاء اور پیسفیک ونگ کے ڈائرکٹر جنرل جسیم الدین نے اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے اس کی توثیق کی ۔ انھوں نے کہاکہ اندرون 72 گھنٹے سون ینگ کو بنگلہ دیش چھوڑنے کا حکم دیا گیا ہے ۔