اسمبلی کے بجٹ اجلاس میں ریونت ریڈی کو اظہار خیال کا موقع مشکل

برسر اقتدار پارٹی اپنے موقف پر اٹل ، تلگو دیشم کے رکن اسمبلی سے معذرت خواہی پر زور
حیدرآباد۔/27نومبر ، ( سیاست نیوز) تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو ایوان اسمبلی میں اظہار خیال کا موقع ملنا جاریہ بجٹ سیشن میں دشوار نظر آرہا ہے۔ بجٹ سیشن کے اختتام کو کو صرف دو دن باقی ہیں اور ریونت ریڈی کے بارے میں برسراقتدار جماعت کے رویہ میں نرمی کا کوئی امکان نہیں۔ ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کی دختر اور نظام آباد کی رکن پارلیمنٹ کویتا کی جانب سے جامع سماجی سروے میں دو مقامات پر نام درج کرانے کی شکایت کی تھی۔ حکومت نے اس الزام کی تردید کردی۔ اس مسئلہ پر اسمبلی میں کافی ہنگامہ ہوا تھا جس کے بعد برسراقتدار پارٹی کے ارکان ریونت ریڈی سے معذرت خواہی کا مطالبہ کررہے ہیں۔ جب کبھی وہ کسی مسئلہ پر اظہار خیال کیلئے مائیک طلب کرتے ہیں تو ٹی آر ایس کے ارکان اُٹھ کر پہلے معذرت خواہی کرنے کیلئے اصرار کررہے ہیں۔ اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر نے ریونت ریڈی کو مائیک نہیں دیا۔ آج زیرو اوور کے دوران ریونت ریڈی کسی مسئلہ پر حکومت کی توجہ مبذول کرانا چاہتے تھے لیکن ٹی آر ایس ارکان نے معذرت خواہی کا مطالبہ کرتے ہوئے انہیں مائیک دیئے جانے کی مخالفت کی۔ تلگودیشم ارکان نے حکومت کے اس رویہ پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا ایوان میں کسی بھی رکن کے حقوق کو اس طرح سلب کیا جاسکتا ہے۔ تلگودیشم اور ٹی آر ایس ارکان کے درمیان اس مسئلہ پر نعرے اور جوابی نعروں کے دوران اسپیکر نے وقفہ صفر کو ختم کرتے ہوئے چائے کے وقفہ کا اعلان کردیا۔