تلنگانہ و سیما آندھرا ارکان کیلئے انتظامات، گورنر نرسمہن کی ہدایت
حیدرآباد 6 مئی (آئی این این) گورنر ای ایس ایل نرسمہن نے آج سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی کہ منتخب حکومتوں کے لئے چیمبرس کی تیاری اور انھیں وزراء کے لئے مختص کرنے سے متعلق کام کو تیزی سے روبہ عمل لاتے ہوئے شخصی طور پر نگرانی کریں۔ اُنھوں نے لیجسلیٹیو سکریٹری ڈاکٹر ایس راجہ سدرام کو بھی ہدایت دی کہ وہ لیجسلیٹیو کونسل اور کونسل ہالس کو بھی 20 سے قبل تیار کردیں۔ یہاں پر سیول ورکرس کی انجام دہی کے علاوہ دیگر تزئین نو کے کام مناسب طریقہ سے انجام دیئے جائیں۔ راج بھون میں منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں تمام اہم سرکاری عہدیدار موجود تھے۔ اُنھوں نے اسمبلی اور دیگر عمارتوں کو منتخب حکومتوں کے حوالہ کرنے سے متعلق موجودہ صورتحال سے گورنر کو واقف کروایا۔ اے پی ری آرگنائزیشن ایکٹ 2014 کے 2 جون سے نافذالعمل ہونے کے پیش نظر سکریٹریٹ میں مختلف محکمہ جات کے الاٹمنٹ، پولیس عمارتوں کی جائزہ رپورٹ پیش کی۔ قبل ازیں گورنر نے اے پی ری آرگنائزیشن ایکٹ 2014 کے پیش نظر تشکیل دی گئی مختلف کمیٹیوں کی تمام تجاویز کو قبول کرتے ہوئے چیف سکریٹری سے کہا تھا کہ وہ یہ تجاویز مرکز کو پیش کریں۔ گورنر نے چیف سکریٹری اور دیگر سینئر عہدیداروں کو ہدایت دی تھی کہ مرکزی معتمد داخلہ کو بھی مسائل کی فہرست پیش کی جائے جو مئی کے دوسرے ہفتے میںحیدرآباد کا دورہ کررہے ہیں۔ اسپیشل چیف سکریٹری پردیپ چندرا نے منتخب ہونے والی حکومتوں کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی بھی رپورٹ پیش کی۔ سکریٹریٹ میں محکمہ جات کی تقسیم کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سکریٹریٹ میں اے بی سی ڈی بلاکس کو تلنگانہ ریاست کے لئے مختص کیا جائے گا جبکہ ایچ کے ایل بلاکس کو اے پی اسٹیٹ کیلئے مختص کیا جائے گا۔