اسمبلی کی تحلیل کو چیلنج ‘ درخواست سپریم کورٹ میں مسترد

نئی دہلی 5 اکٹوبر ( این ایس ایس ) سپریم کورٹ نے آج ایک درخواست کو مسترد کردیا جس میںتلنگانہ اسمبلی کی تحلیل کو چیلنج کیا گیا تھا ۔ سپریم کورٹ نے درخواست گذار کو تجویز کیا کہ وہ اس مسئلہ پر ہائیکورٹ سے رجو ع ہو۔ حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کے رامچندر نے سپریم کورٹ میںایک درخواست دائر کرتے ہوئے الزام عائد کیا تھا کہ ٹی آر ایس حکومت نے پانچ سال کی معیاد کو مکمل کئے بغیر غیر دستوری طور پر اسمبلی تحلیل کردی ۔ درخواست کا جائزہ لینے کے بعد سپریم کورٹ نے درخواست کو مسترد کردیا اور درخواست گذار کو مشورہ دیا کہ وہ ہائیکورٹ سے رجوع ہو۔ اس موقع پر سپریم کورٹ نے کہا کہ اسمبلی کی تحلیل ‘ قبل از وقت انتخابات اورفہرست رائے دہندگان پر نظرثانی سے متعلق تمام درخواستوں کو ہائیکورٹ سے رجوع کیا جا رہا ہے ۔ عدالت نے کہا کہ ایک ہی مسئلہ پر سپریم کورٹ سے دوبارہ رجوع ہونا درست نہیں ہے ۔ سپریم کورٹ کی بنچ نے اس درخواست کو مسترد کردیا ۔