اسمبلی کا بجٹ سیشن کامیاب، کانگریس کے خلاف کارروائی حق بجانب

عوامی مسائل پر سیرحاصل مباحث، وزیر امور مقننہ ہریش رائو کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔ 29 مارچ (سیاست نیوز) وزیر امور مقننہ ہریش رائو نے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ سیشن کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوا اور تمام محکمہ جات کے مطالبات زر کو مباحث کے ذریعہ منظوری دی گئی۔ گورنمنٹ وہپ کے ایشور کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ اسمبلی کا اجلاس 13 دن تک جاری رہا اور میڈیا کے نمائندوں نے حکومت سے مکمل تعاون کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 31 گھنٹے تک ایوان کی کارروائی چلائی گئی اور قائد ایوان کی حیثیت سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے تقریباً 5 گھنٹوں تک ایوان میں بات کی۔ انہوں نے کہا کہ وقفہ سوالات اور سرکاری بلس پر مباحث کے دوران تقریباً عوامی مسائل پر سیرحاصل مباحث ہوئے۔ گزشتہ سیشن سے تقابل کیا جائے تو اس مرتبہ تمام مطالبات زر کو مباحث کے بعد منظوری دی گئی۔ ایوان میں 11 بلس منظور کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اسائینڈ لینڈ پر غریبوں کو حق دیئے جانے سے متعلق بل تاریخی نوعیت کا حامل ہے۔ اس بل کے ذریعہ غریبوں کو اراضی کی ملکیت فراہم کی جائے گی۔ ہریش رائو نے کہا کہ 4380 نئی پنچایتوں کے قیام سے درج فہرست قبائل کی زندگی میں نمایاں تبدیلی واقع ہوگی۔ کئی برسوں سے درج فہرست قبائل پنچایتوں کا مطالبہ کررہے تھے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس قائدین نے قبائیلی تانڈوں کو پنچایتوں کا درجہ دینے کا وعدہ کرتے ہوئے دھوکہ دیا ہے جبکہ ٹی آر ایس نے وعدے کی تکمیل کی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو نے ایوان میں دو اہم مسائل پر بیان دیا۔ کلیان لکشمی اور شادی مبارک کے تحت دی جانے والی امدادی رقم کو بڑھاکر ایک لاکھ 116 روپئے کرنے کا اعلان کرتے ہوئے چیف منسٹر نے غریب خاندانوں کا دل موہ لیا ہے۔ غریب خاندانوں کو اس اسکیم سے فائدہ ہوگا اور ان کی زندگیوں میں نئی روشنی پیدا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گوڑ کمیونیٹی کے لیے چیف منسٹر نے مختلف رعایتوں کا اعلان کرتے ہوئے راحت فراہم کی ہے۔ درختوں کے ٹیکس معاف کرتے ہوئے تاڑی تاسندوں کو راحت پہنچائی گئی ہے۔ ہریش رائو نے کہا کہ وقفہ سوالات میں تمام سوالات کے وزراء نے سیر حاصل جواب دیئے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ اہم اپوزیشن جماعت کی غیر موجودگی افسوسناک ہے، لیکن کانگریس کے ارکان ایوان میں ہنگامہ کی نیت سے پہنچے تھے۔ انہوں نے کانگریس ارکان کے خلاف کی گئی کارروائی کو حق بجانب قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کم از کم آئندہ کانگریس قائدین ایوان میں نظم و ضبط اور ڈسپلین کا مظاہرہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسی کے مطالبہ کے بغیر ہی اسمبلی کی کارروائی میں دو دن کی توسیع کی۔ ہریش رائو نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو چاہتے ہیں کہ تلنگانہ اسمبلی ملک کے لیے ایک مثال رہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق میں اپوزیشن جماعتیں خالی گھڑوں اور تباہ شدہ فصلوں کے ساتھ اسمبلی کو آتے رہے لیکن ٹی آر ایس دور حکومت میں اپوزیشن کے پاس یہ مسائل باقی نہیں رہے۔ برقی اور پانی کے مسئلہ کو حکومت نے مستقل طور پر حل کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایوان میں موجود اپوزیشن جماعتوں نے مختلف موضوعات پر مباحث میں حصہ لیا۔