گیتاریڈی کی پی کیشٹا ریڈی کے حق میں دستبرداری، ڈی کے ارونا اجلاس چھوڑ کر چلی گئیں
حیدرآباد ۔ 21 مارچ (سیاست نیوز) اسمبلی کی پبلک اکاونٹ کمیٹی کی صدارت کیلئے کانگریس کے 4 ارکان اسمبلی میں رسہ کشی کے لمحہ آخر میں ڈاکٹر گیتاریڈی نے مسٹر پی کیشٹا ریڈی کے حق میں دستبرداری اختیار کی۔ ضلع محبوب نگر کو اہمیت نہ دینے پر مسز ڈی کے ارونا اجلاس چھوڑ کر درمیان سے چلے گئیں۔ کیشٹاریڈی اور رام ریڈی وینکٹ ریڈی کیلئے نصف نصف میعاد میں صدرنشین بنانے سے اتفاق کیا گیا۔ 23 مارچ کو سرکاری طور پر اعلان کرنے کا امکان ہے۔ اسمبلی کی کمیٹیوں میں سب سے زیادہ اہمیت اور اختیارات رکھنے والی کمیٹیوں میں پبلک اکاونٹس کمیٹی کا شمار ہوتا ہے۔ روایت کے مطابق حکومت اس کمیٹی کی صدارت اپوزیشن کو دیتی ہے۔ قائد اپوزیشن مسٹر کے جاناریڈی کے پاس کانگریس کے ارکان اسمبلی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی اے سی کمیٹی کے صدرنشین کا جائزہ لیا گیا۔ ضلع میدک سے دو قائدین مسٹر پی کیشٹاریڈی اور ڈاکٹر جے گیتاریڈی ضلع کریم نگر سے مسٹر ٹی جیون ریڈی اور ضلع کھمم سے مسٹر آر دامودھر ریڈی سینئر کانگریس ارکان اسمبلی کے ناموں پر غور کیا گیا۔ مسز ڈاکٹر جے گیتاریڈی نے اس مرتبہ ایس سی طبقہ کیلئے صدارت سونپنے پر زور دیا۔ دوسرے ارکان نے ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ملوبٹی وکرمارک (ایس سی) کو بنانے کا حوالہ دیا۔ مالا طبقہ کے نام پر غور کیا گیا مگر ضلع محبوب نگر سے ایک رکن اسمبلی پہلی مرتبہ جیتنے کا تذکرہ کرتے ہوئے انہیں نظرانداز کردیا، جس پر کانگریس کی رکن اسمبلی سابق ریاستی وزیر مسٹر ڈی کے ارونا نے سخت اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ضلع نلگنڈہ سے کانگریس کے 5 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں، ان میں سے دو ارکان اسمبلی کو صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اور قائد اپوزیشن کے اہم عہدے سونپے گئے ہیں جبکہ ضلع محبوب نگر سے بھی کانگریس کے 5 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے ہیں مگر عہدوں کی تقسیم کے معاملے میں ضلع محبوب نگر سے امتیاز برتنے کا دعویٰ کرتے ہوئے وہ اجلاس کے درمیان سے واپس ہوگئی ہیں۔ اسمبلی حلقہ نارائن کھیڑ ضلع میدک سے مسٹر پی کیشٹاریڈی 6 مرتبہ منتخب ہوئے ہیں۔ انہیں ایک مرتبہ بھی وزارت میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ ان کے نام پر غور ہوتے ہی ڈاکٹر جے گیتاریڈی نے اپنی مکمل تائید کا اظہار کرتے ہوئے دعویداری سے دستبرداری اختیار کی جس پر پہلے نصف میعاد کیلئے مسٹر پی کیشٹاریڈی اور باقی نصف میعاد کیلئے آر دامودھر ریڈی کو صدرنشین پی اے سی نامزد کرنے سے اتفاق کیا گیا ہے۔ پیر کو اس کا سرکاری طور پر اعلان ہونے کی توقع ہے۔