تلگو دیشم کا جشن عارضی ، مقامی ادارہ جات کے نتائج پر ترجمان وائی ایس آر سی پی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 12 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی کا جشن صرف 4 دن کا ہے ۔ 16 مئی کو عام انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کامیابی کے تمام ریکارڈ توڑ دے گی ۔ شہری علاقوں میں جہاں پارٹی کمزور ہے وہیں دیہی علاقوں میں کافی مستحکم ہے ۔ آج میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ترجمان مسٹر جی رامچندر راؤ نے کہا کہ نتائج توقع کے مطابق ہیں کیوں کہ 27 فیصد شہری علاقوں کے رائے دہندوں کا فیصلہ کیا ہے 16 مئی کو عام انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی نئی جماعت ہے ۔ شہری علاقوں میں عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ تاہم پارٹی میں اس کا جائزہ لیا جائے گا اور شہری علاقوں کے رائے دہندوں کا بھروسہ جیتنے کے لیے حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ آج کے بلدی نتائج اور کل کے گرام پنچایت نتائج سے پارٹی کیڈر کو مایوس ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ تلگو دیشم کی کامیابی عارضی ہے ۔ 4 دن بعد تلگو دیشم کا جشن ماتم میں تبدیل ہوجائے گا اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے تنہا حکومت تشکیل دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نتائج پارٹی کے لیے نہ نقصان دہ ہیں اور نہ ہی فائدہ مند ۔ تاہم کونسلرس کی تعداد کا جائزہ لیا جائے تو وائی ایس آر کانگریس پارٹی اور تلگو دیشم میں کوئی زیادہ فرق نہیں ہے ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی دیہی علاقوں میں کافی مستحکم ہے اور 16 مئی کو ہی اصل امتحان کا نتیجہ برآمد ہوگا ۔۔