این ٹی آر کی مخالفت کرنے والوں کو ماضی کے سیاسی کیرئیر کے آغاز کی یاد دہانی
حیدرآباد۔/21نومبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں بی جے پی کے رکن جی کشن ریڈی نے چیف منسٹر، قائد اپوزیشن اور اسپیکر اسمبلی کو اپنے ریمارکس سے لاجواب کردیا۔ جس وقت شمس آباد ایر پورٹ کو این ٹی راما راؤ کے نام سے موسوم کئے جانے سے متعلق مرکز کے فیصلہ پر مباحث جاری تھے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی اور کانگریس رکن ٹی جیون ریڈی نے این ٹی راما راؤ کے نام کی مخالفت کی۔ کشن ریڈی نے یاددلایا کہ آج جو لوگ این ٹی راماراؤ کے نام کی مخالفت کررہے ہیں ان کے سیاسی کیریئر کا آغاز این ٹی راما راؤ کی جانب سے تلگودیشم کے قیام کے سبب ہوا۔ انہوں نے یاددلایا کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ، اسپیکر مدھو سدن چاری، قائد اپوزیشن کے جانا ریڈی اور جیون ریڈی کی سیاسی زندگی کا تلگودیشم سے آغاز ہوا اور وہ این ٹی راما راؤ حکومت میں وزارت میں بھی شامل رہے۔ کشن ریڈی کے ان ریمارکس پر چاروں قائدین لاجواب ہوگئے اور مسکراتے ہوئے کشن ریڈی کے انکشاف کی توثیق کی۔ بعد میں چیف منسٹر اور قائد اپوزیشن دونوں نے وضاحت کی کہ این ٹی آر کے نام کی تبدیلی کے مطالبہ کا مقصد اس عظیم شخصیت کی توہین کرنا نہیں ہے۔ وہ آج بھی ان کا احترام کرتے ہیں۔