اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کو یقینی بنانے حکمت عملی

حیدرآباد۔/3جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے ارکان اسمبلی نے ریاستی وزیر پنچایت راج جانا ریڈی سے ملاقات کی اور اسمبلی میں تلنگانہ مسودہ بل پر مباحث کو یقینی بنانے کیلئے حکمت عملی پر غور کیا گیا۔ اسمبلی اجلاس کے التواء کے بعد ٹی آر ایس فلور لیڈر ای راجندر کی قیادت میں ٹی آر ایس ارکان اسمبلی نے جانا ریڈی سے ملاقات کی اور مسودہ بل پر اسمبلی میں مباحث نہ ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔انہوں نے سیما آندھرا ارکان اسمبلی کی جانب سے ایوان کی کارروائی میں رکاوٹ پر بھی نکتہ چینی کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جماعتی وابستگی سے بالاتر ہوکر تلنگانہ کے تمام ارکان متحدہ موقف اختیار کریں گے اور مباحث کے آغاز کیلئے اسپیکر سے نمائندگی کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ اجلاس میں تلنگانہ کے تمام ارکان اسمبلی کی جانب سے علحدہ تلنگانہ کے حق میں اسپیکر کو حلف ناموں کی پیشکشی کا مسئلہ بھی زیر غور رہا۔ سیما آندھرا ارکان کی جانب سے اس طرح کے حلف ناموں کی پیشکشی کی صورت میں تلنگانہ ارکان بھی اسپیکر کو حلف نامے پیش کرتے ہوئے اپنے موقف کا اظہار کریں گے۔

اجلاس میں ٹی آر ایس اور کانگریس تلنگانہ قائدین کی جانب سے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر زور دیا گیا۔ بعد میں ٹی آر ایس ارکان کے وفد نے اسپیکر این منوہر سے ملاقات کی اور ایوان کی کارروائی میں سیما آندھر ارکان کی رکاوٹ پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسپیکر سے کہا کہ وہ کارروائی میں رکاوٹ پیدا کرنے والے ارکان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مباحث کا آغاز کریں۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے اسمبلی کی رائے پیش کرنے کیلئے 23جنوری تک کا وقت دیا ہے۔ ٹی آر ایس ارکان کا مطالبہ ہے کہ اس مدت کے اندر ہی اسمبلی میں مباحث مکمل کئے جائیں۔ انہوں نے صدر جمہوریہ کی جانب سے مدت میں توسیع کے امکانات کی بھی مخالفت کی۔ بتایا جاتا ہے کہ اسپیکر این منوہر نے ٹی آر ایس ارکان کو تیقن دیاکہ وہ فلور لیڈرس کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے ایوان کی کارروائی کے خوشگوار انعقاد کو یقینی بنانے کی کوشش کریںگے۔