اسمبلی سے تلگودیشم ارکان کی معطلی ختم کرنے اپوزیشن کا مطالبہ

برخاستگی کیلئے اتفاق رائے کا فقدان ۔ مشاورت کا عمل جاری ۔ اسپیکر مدھوسدن چاری کا جواب

حیدرآباد 24 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس اور بی جے پی نے تلگودیشم ارکان کی معطلی ختم کرنے اسپیکر سے مطالبہ کیاتاہم حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں مثبت رد عمل کا اظہار نہیںکیاگیا۔ اسپیکر مدھو سدھن چاری نے کہا کہ وہ اس مسئلہ پر تمام جماعتوں سے مشاورت کرچکے ہیں لیکن معطلی کی برخواستگی کے سلسلہ میں اتفاق رائے کی کمی ہے لہذا وہ مشاورت کا عمل جاری رکھے ہوئے ہیں۔وزیرامور مقننہ ہریش راو نے تلگودیشم ارکان کی معطلی کی تائید کی اور کہا کہ قومی ترانہ کی توہین کے سلسلہ میں یہ کارروائی کی گئی ہے ۔ وقفہ سوالات کے بعد بی جے پی فلور لیڈر ڈاکٹر لکشمن نے یہ مسئلہ اٹھایا۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی اجلاس کے اختتام کیلئے صرف دو دن باقی رہ گئے ہیںلہذا تلگودیشم ارکان کی معطلی ختم کی جانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ مکمل سیشن تک معطلی کی صورت میں عوام میں غلط پیام جائے گا ۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ تلگودیشم ارکان کو تصرف بل پر مباحث میں حصہ لینے کی اجازت دی جانی چاہئے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ اپوزیشن کے بغیر اسمبلی کی کارروائی چلانا مناسب نہیں ہے ۔ ڈاکٹر لکشمن نے کہا کہ تلگودیشم ارکان اسمبلی معطلی کی برخواستگی کے لئے اسمبلی کے احاطہ میں دھرنا کررہے ہیں۔ انہوں نے یاد دلایا کہ چیف منسٹر نے تین یوم کے بعد معطلی کا جائزہ لینے کا تیقن دیاتھا۔وزیر امور مقننہ ہریش راو نے مداخلت کی اور کہا کہ حکومت دھرنا اور احتجاج سے ڈرنے والی نہیں ہے ۔ قواعد کے مطابق کارروائی چلانے حکومت کا مقصد ہے اور معطلی کی برخواستگی کے فیصلے کو حکومت اسپیکر پر چھوڑتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش اسمبلی میں اپوزیشن کے بغیر صرف برسر اقتدار پارٹی کی لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس دکھائی دے رہا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ سابق میں کسی بھی اسمبلی میں مسائل پر اس قدر مباحث نہیںہوئے جس قدر جاریہ اسمبلی میں ہورہے ہیں۔ ہریش راو نے وضاحت کی کہ قومی ترانے کی توہین پر چار مرتبہ معذرت خواہی کا موقع دیا گیا لیکن تلگودیشم ارکان نے معذرت خواہی نہیں کی ۔ قومی ترانہ کے وقار کی برقراری کیلئے معطل کرنا پڑا ۔ بی جے پی فلور لیڈر نے کہا کہ تلگودیشم ارکان تحریری طور پر اسپیکر کو واقف کراچکے ہیں کہ وہ معذرت خواہی کیلئے تیار ہے لہذا انہیں ایوان میں شرکت کا موقع دیا جائے ۔اسپیکر نے کہا کہ وہ اس مسئلہ کا جائزہ لے رہے ہیں۔ کانگریس کے رکن ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے بھی تلگودیشم ارکان کی معطلی ختم کرنے کی تائید کی۔ انہو ںنے کہا کہ اب جبکہ سیشن کو صرف دو دن باقی رہ گئے ہیں لہذا اسپیکر کو معطلی پر نظر ثانی کرنی چاہئے ۔ اسپیکر کے تیقن کے بعد اجلاس کی کارروائی آگے بڑھ سکی ۔