تلنگانہ بل پر بحث کو یقینی بنانے اسپیکر کے اقدام کو چیف منسٹر کی تائید
حیدرآباد۔/8جنوری، ( این ایس ایس ) تلنگانہ بل کے مسودہ پر مرکز کو ریاستی اسمبلی کی جانب سے بلا تاخیر مزید اپنے نظریات روانہ کرنے کیلئے بڑھتے ہوئے دباؤ اور اس مقصد کیلئے مقررہ مہلت کے قریب پہونچنے کے بعد اب سمجھا جارہا ہے کہ اس عمل کو تیز تر کرنے کے مقصد سے اسپیکر این منوہر ایوان میں پُرسکون بحث کو یقینی بنانے کیلئے چند سخت اقدامات کرسکتے ہیں۔ توقع ہے کہ وہ جمعرات کو وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی کو ایوان سے 23جنوری تک معطل کردیں گے اور مابقی ارکان اسمبلی کو بحث کا موقع دیتے ہوئے ان کی تجاویز اور ترامیم کا نوٹ لیں گے۔ سیما آندھرا کے کانگریس، تلگودیشم اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان کی جانب سے بل پر بحث میں مسلسل رخنہ اندازی کے باوجود بل پر بحث کی بعجلت ممکنہ تکمیل کو یقینی بنانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ تلگودیشم پارٹی نے بحث میں تعاون پر رضامندی ظاہر کی ہے۔
چنانچہ حکمراں کانگریس اب وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے تمام ارکان اسمبلی کو معطل کرتے ہوئے کل سے اسمبلی میں اس مسئلہ پر بحث جاری رکھنے کی تیاری کرچکی ہے۔ ذرائع کے مطابق بل کی مخالفت کرنے والے چیف منسٹر این کرن کمار ریڈی نے بھی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے ارکان اسمبلی کو ایوان سے معطل کرتے ہوئے بحث جاری رکھنے کی اجازت دے دی ہے۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی نے اپنے تمام ارکان اسمبلی کو متحدہ ریاست کی اسمبلی میں تائید کرنے کی ہدایت کی تھی ان ارکان نے متحدہ آندھرا پردیش کی تائید میں ایک قرار داد اسمبلی میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ اگر انہیں معطل بھی کیا جاتا ہے تو وہ میڈیا پوائنٹ پر اپنی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ باوثوق ذرائع کی اطلاع کے مطابق ریاستی اسمبلی کا اجلاس جو 6جنوری کو شروع ہوا تھا 10جنوری تک جاری رہے گا اور تیسرا سیشن سنکرانتی تہوار کو ملحوظ رکھتے ہوئے 16کے بجائے 17سے شروع ہوگا اور 18جنوری تک جاری رہے گا بجز اتوار 20تا23جنوری اسمبلی میں مباحث جاری رہیں گے۔