حیدرآباد 28 جنوری (سیاست نیوز) اسمبلی کے جاریہ سرمائی اجلاس کا اختتام 30 جنوری کو ہوگا لیکن اس کے فوری بعد چند دنوں میں ایوان اسمبلی کا علی الحساب بجٹ شروع ہونے کا امکان ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب ’’آندھراپردیش تشکیل جدید بِل 2013‘‘پر جاری مباحث کے لئے چیف منسٹر نے صدرجمہوریہ سے مزید وقت طلب کیا ہے لیکن اس کا جواب کچھ آئے 7 فروری سے علی الحساب بجٹ کی پیشکشی کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ انتخابات کے پیش نظر حکومت بجٹ سیشن سے قبل علی الحساب بجٹ کی منظوری کیلئے اجلاس منعقد کرے گی جوکہ 7 فروری سے 14 فروری تک منعقد ہوگا۔
ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب مختلف محکمہ جات کی جانب سے محکمہ فینانسکو تجاویز روانہ کردی گئی ہیں اور اگر انتخابات سے قبل ریاست کی تقسیم ہوتی ہے تو ایسی صورت میں دونوں علاقوں میں علی الحساب بجٹ میں منظورہ رقم کی تقسیم کے میکانزم پر غور کیا جارہا ہے۔ اپریل میں مجوزہ عام انتخابات اور امکانی طور پر ریاستی اسمبلی کے انتخابات کے باعث حکومت مکمل بجٹ سیشن کے انعقاد کے بجائے انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل علی الحساب بجٹ کو منظور کروانے کا ارادہ رکھتی ہے تاکہ انتخابات کے انعقاد تک حکومت کے کاروبار چلائے جاسکیں۔