اسمبلی حلقہ آلیر میں اوقافی اداروں کی تعمیر و مرمت کیلئے رقمی منظوری

حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی(سیاست  نیوز) محکمہ اقلیتی بہبود نے ضلع نلگنڈہ کے آلیر اسمبلی حلقہ میں 10 اوقافی اداروں کی تعمیر و مرمت کیلئے 52 لاکھ 50 ہزار روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ سکریٹری اقلیتی بہبود سید عمر جلیل کے مطابق آلیر کے رکن اسمبلی جی سنیتا مہندر ریڈی نے حکومت سے نمائندگی کی تھی کہ ان کے حلقہ میں اوقافی اداروں کی تعمیر و مرمت کیلئے 52 لاکھ 50 ہزار روپئے جاری کئے جائیں۔ حکومت نے اس درخواست کو منظوری دی ہے اور وقف بورڈ کے بجٹ سے یہ رقم جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ جن 10 اداروں پر یہ رقم خرچ کی جائے گی ، ان میں آلیر ٹاؤن کی عیدگاہ ، مسائی پیٹ میں قبرستان کی حصار بندی ، یادگیری پلی میں مسجد کی کمپاؤنڈ وال کی تعمیر ، عاشور خانہ کی تعمیر  اور چار دیگر مواضعات میں عاشور خانے کی تعمیر اور قبرستانوں کی حصار بندی شامل ہیں۔ چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ یہ رقم متعلقہ ضلع کلکٹر کو جاری کریں گے۔