الیکشن کمیشن کو اختیار ‘ ونود کمار کو مملکتی وزیر داخلہ کا مکتوب
نئی دہلی ۔20 اپریل ( پی ٹی آئی) مرکز نے آج واضح کردیا کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں اسمبلی حلقوں کی تعداد میں 2026 کے بعد ہی اضافہ ہوسکتا ہے ۔ مملکتی وزیر داخلہ ہیرابھائی چودھری نے ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ بی ونود کو ایک مکتوب کے ذریعہ مطلع کیا ۔ قبل ازیں تلنگانہ کے اسمبلی حلقوں کی الیکشن کمیشن کی جانب سے ازسرنو حدبندی کا مسئلہ لوک سبھا میں اٹھایا گیا تھا ۔ ہیرا بھائی چودھری نے اپنے مکتوب میں لکھا کہ ’’ اس مسئلہ پر یہاں یہ کہنا ضروری ہے کہ دستور کی دفعہ 170 میں اس کی گنجائش ہے اور اس قانون کی دفعہ 15 کے ذہنی تحفظات کے بغیر آندھراپردیش اور تلنگانہ کے اسمبلی حلقوں کو بالترتیب 175 اور 119 سے بڑھاکر 225 اور 153 کیا جاسکتا ہے اور حلقوں کی ازسرنو حدبندی کے ضمن میں الیکشن کمیشن ہی کوئی فیصلہ کرسکتا ہے ۔ چنانچہ دستور کی دفعہ 170 کے تحت صرف 2026 کے بعد یہ ممکن ہوسکتا ہے ‘‘ ۔ ونود کمار نے مملکتی وزیر داخلہ کے نام اپنے مکتوب میں اس مسئلہ پر تاخیر کیلئے اپنی ناخوشی کا اظہار کیا تھا ۔