حیدرآباد 27 مارچ (سیاست نیوز) ریاستی اسمبلی کی بزنس ایڈوائزری کمیٹی (ایوان کی کارروائی کمیٹی) نے اجلاس میں مزید دو دن کی توسیع کا فیصلہ کیا۔ آج اسپیکر اسمبلی مسٹر مدھوسدن چاری کی صدارت میں منعقدہ کمیٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 29 مارچ کو تصرف بل کے علاوہ مزید پانچ مختلف بلس پر مباحث کئے جائیں گے۔ علاوہ ازیں سمجھا جاتا ہے کہ ارکان اسمبلی و کونسل کی تنخواہوں میں اضافہ سے متعلق بل پر مباحث ہونگے جبکہ 30 مارچ کو خشک سالی، تعلیمی پالیسی اور حیدرآباد میں پینے کے پانی کے مسئلہ پر مباحث ہوں گے۔ اس کے علاوہ 31 مارچ کو آبی پالیسی پر بحث ہوگی اور اسمبلی میں آبپاشی پروجیکٹس کے تعلق سے پاور پریزنٹیشن دیا جائیگا ۔ اپوزیشن جماعتوں نے پاور پریزنٹیشن ایوان کے بجائے کمیٹی ہال میں دینے کی خواہش کی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اس مسئلہ کو بی اے سی (بزنس ایڈوائزری کمیٹی) نے اسپیکر اسمبلی پر چھوڑ دیا گیا۔