ممبئی 29 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) ملک بھر میں تقریبا 100 اسمارٹ شہروں کو ترقی دینے حکومت کے منصوبہ کو آئندہ ماہ کے ختم تک قطعیت دیدی جائیگی ۔ مرکزی معتمد شہری ترقیات شنکر اگر وال نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو دن میں ہم ان 100 شہروں کی شناخت کا کام مکمل کرلیں گے جنہیں ہم اسمارٹ بنانا چاہتے ہیں۔ ہم کچھ رہنما خطوط پر کام کر رہے ہیں اور ہمیں امید ہے کہ اس منصوبہ کو 28 فبروری تک قطعیت دیدی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کا ویژن یہ ہے کہ ایسے شہروں کو ترقی دی جائے جہاں ٹکنالوجی پر مبنی حکمرانی ہو ۔ اس کے نتیجہ میں عوامی خدمات کو بہتر بنایا جاسکتا ہے اور یہاں ہفتے کے ساتھ دن مسلسل چوبیس گھنٹے پانی اور برقی فراہم کی جاسکے اور جہاں 100 فیصد سیوریج و ڈرینیج سہولتیں دستیاب ہوں۔ اس کے علاوہ ان شہروں میں اعلی معیار کا انفرا اسٹرکچر بھی دستیاب ہو ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو امید ہے کہ ان شہروں کو ترقی دینے میں خانگی شعبہ کا بہت اہم رول ہوگا ۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت ان شہروں کو عوامی ۔ خانگی شراکت کی بنیادوں پر ترقی دینے کا منصوبہ رکھتی ہے اور ہر شہر میں تقریبا 1000 کروڑ کی سرمایہ کاری ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ خانگی شعبہ بھی ان شہروں کی ترقی اور انہیں عصری سہولتوں سے لیس کرنے میں بڑے پیمانے پر اپنی جانب سے بھی تعاون کرے ۔