اسلحہ کے معاہدے :سعودی معاملتوں کا طریقہ کار تبدیل:امریکی اسلحہ ساز کمپنیاں

نیویارک،یکم نومبر (سیاست ڈاٹ کام) امریکی اسلحہ ساز کمپنیوں کے متعدد عہدہ داروں نے باور کرایا ہے کہ اسلحہ کے معاہدوں کے حوالہ سے سعودی عرب کی جانب سے معاملتوں کا طریق کار تبدیل ہو چکا ہے ۔ اس تبدیلی کا مقصد مملکت کی معیشت کو فائدہ پہنچانا اور سعودی شہریوں کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنا ہے ۔سعودی عرب کو اسلحہ فراہم کرنے والے معاہدے اب محض ہتھیاروں کی درآمد تک محدود نہیں، ویژن 2030 پروگرام نے معاہدوں میں بنیادی حیثیت اختیار کر کے کھیل کے اصول بدل دئیے ہیں۔اسلحہ سازی کی مشہور کمپنی لاک ہیڈ مارٹن کی ایک اندرونی یادداشت میں توقع ظاہر کی گئی ہے کہ امریکہ کے ساتھ اسلحے سے متعلق حالیہ معاہدوں سے سعودی شہری مستفید ہوں گے ۔ اس دوران ملک میں 10 ہزار ملازمتیں فراہم کی جائیں گی۔