مظفر نگر /3 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت اترپردیش نے سوامی یشویر کے خلاف انتہائی سخت نیشنل سکیورٹی ایکٹ (این ایس اے ) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے ۔ سوامی یشویر نے گزشتہ ہفتہ شاملی میں مہا پنچایت کے دوران اسلام کے خلاف متنازعہ ریمارک کئے تھے ۔ ہندوتوا گروپ نے ایک ہندو لڑکی اور ایک مسلم لڑکے کے مابین عشق اور دونوں کے دہلی فرار ہونے کے پس منظر میں یہ مہاپنچایت منعقد کی تھی ۔ ان تنظیموں کو اس وقت دھکا پہونچا جب پولیس نے لڑکی کا پتہ چلالیا لیکن اس نے مجسٹریٹ کے روبرو یہ بیان دیا کہ وہ بالغ ہے اور مسلم لڑکے کے ساتھ رہنا چاہتی ہے ۔ سوامی یشویر کی این ایس اے کے تحت گرفتاری پر ہندوتوا گروپس اور مقامی بی جے پی یونٹ نے انتظامیہ کو سنگین نتائج کا انتباہ دیا ہے ۔ پولیس عہدیدار نے کہا کہ مہاپنچایت میں اشتعال انگیز بیانات کی وجہ سے علاقہ میں کشیدگی پیدا ہوگئی اسی لئے این ایس اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔