اسلامک بینکنگ نظریہ کو وسعت دینے کی ضرورت ، مسلم معاشرہ کو سود سے چھٹکارا ممکن

سدا سیو پیٹ میں خدمت بینک کی تقریب ، جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر سیاست کا خطاب
سنگاریڈی ۔ 28 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز ) : مسلم معاشرے کو سود کی لعنت سے بچانے کے لیے خدمت بینک قابل ستائش خدمات انجام دے رہا ہے ۔ مالدار مسلمان اس بینک میں اپنا سرمایہ مشغول کرتے ہوئے مسلمانوں کو سود کی لعنت سے بچا سکتے ہیں اسلامک بینکنگ نظریہ کو وسعت دینے کی ضرورت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار جناب عامر علی خاں نیوز ایڈیٹر روزنامہ سیاست حیدرآباد نے مسجد عامرہ رحمت نگر سدا سیو پیٹ میں خدمت بینک کی جانب سے منعقدہ ایک تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر خدمت بینک سدا سیو پیٹ میں جناب عامر علی خاں نے اپنی جانب سے ایک لاکھ روپئے جمع کرتے ہوئے خدمت بینک سدا سیو پیٹ کی ممبر شپ حاصل کی ۔ جناب عامر علی خاں نے اپنے سلسلہ خطاب کو جاری رکھتے ہوئے کہا کہ مسلم معاشرہ میں مالیتی منصوبہ بندی کا فقدان ہے جس کی وجہ سے مسلمان معاشی مسائل کا شکار ہوتے ہیں ۔ ہمیں اپنے مالی وسائل کی باضابطہ منصوبہ بندی کرنی چاہئے ایسا کرنے سے نصف سے زائد مسائل از خود حل ہوجائیں گے ۔ دنیا آج مالیتی بحران کا شکار ہے ہر ملک میں مالیتی بحران دیکھا جارہا ہے ۔ دنیا کو مالیتی بحران سے نکلنا ہے تو اس کا واحد ذریعہ اسلامک بینکنگ کے ذریعہ ہی مالیتی نظام میں مضبوطی آسکتی ہے ۔ سود کا لین دین مالیتی بحران کی اہم وجہ ہے ۔ چھوٹے مسلم تاجرین کو بلا سودی قرض فراہم کرتے ہوئے انہیں معاشی طور پر مضبوط کرنے سے مسلمان شعبہ تجارت میں زیادہ ترقی کرسکتے ہیں ۔ خدمت بینک کی کارکردگی اور نظریہ سے وہ متاثر ہیں اور اپنے دوست احباب کو اس بینک کی رکنیت حاصل کرنے متوجہ کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کو اپنی پسماندگی دور کرنے کے لیے اسلامی تعلیمات پر عمل پیرا ہونا چاہئے ۔ زکواۃ کی صحیح ادائیگی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ زکواۃ کو وضع کردہ قوانین کے مطابق ادا کیا جائے ۔ زکواۃ
کے ذریعہ کمزور مسلمانوں کو مضبوط بنانا چاہئے لیکن ہم دیکھ رہے ہیں زکواۃ کو بھیک کی طرح دیا جارہا ہے جو کہ انتہائی غلط ہے ۔ ہر سال زکواۃ کی ساڑیاں تقسیم کرنے سے مسلمانوں کی پسماندگی دور نہیں ہوگی بلکہ زکواۃ کے ذریعہ ایسی مدد کرنی چاہئے کہ زکواۃ لینے والا آئندہ سال زکواۃ دینے والا بن جائے ۔ زکواۃ کے ذریعہ ہم اپنے غریب و مسلم بھائیوں کی مدد کرسکتے ہیں اور اس کو خلوص نیت سے کرنا چاہئے ۔ اسلام میں ایک دوسرے کی مدد کا بہترین وسیلہ زکواۃ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ روزنامہ سیاست اسلامک بینکنگ کے فروغ کے لیے کوشاں ہے اور احاطہ دفتر سیاست میں اسلامک انسٹی ٹیوٹ آف بینکنگ چینائی کے تعاون سے اسلامک بینکنگ کلاسیس کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔ اس کے علاوہ اسلامک ہاوزنگ اسکیم شروع کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا جارہا ہے ، مکانات کی تعمیر کے لیے قرضہ جات سود پر مبنی ہوتے ہیں چنانچہ سود کی لعنت سے پاک قرضہ جات پر مبنی ہاوزنگ اسکیم کے خدوخال پر غور کیا جارہا ہے ۔ اسلامک ہاوزنگ اسکیم ابتدائی طور پر شہر حیدرآباد کے نواحی علاقے میں شروع کی جائے گی اور مکانات کی رقم ماہانہ اقساط میں بلاسودی کرایہ کے طور پر حاصل کیا جائے گا ۔
(باقی سلسلہ اندرونی صفحہ پر )