حیدرآباد۔/16نومبر، ( راست ) کتابیں پڑھنے کاذوق جب کسی قوم میں جاگتا ہے تو اس قوم میں انقلابی تبدیلیاں شروع ہوجاتی ہیں۔ انٹر نیشنل اسلامک بک فیر میں جہاں دس ہزار سے زائد موضوعات پر کتابوں کا ذخیرہ ہے اس میں متلاشیان علم اپنے ذوق اور ضرورت کے ساتھ صحت اور روز مرہ کی زندگی میں اعتدال برقرار رکھنے والے پکوان، طب نبویؐ کی روشنی میں ، نفسیات، پرسنالٹی ڈیولپمنٹ اسلامک فینانس، پردہ وغیرہ جیسی کتابیں ان کا خاص سلیکشن رہا ہے۔ اس کے علاوہ قرآن و حدیث کی روشنی میں حیوانات کا ذکر ان کے عادات و اطوار، ان سے انسانی زندگی کو فائدہ اور نقصان، تاریخ اسلام میں ان کا استعمال ، جنگوں وغیرہ کے موقع پر۔ پرندوں کی انسانی زندگی میں ضرورت مع فوٹو البم جیسی کتابیں اور بچوں کیلئے کہانیاں، صحابہ کرامؓ اور اولیاء اللہ کے واقعات، چھوٹی چھوٹی کہانیاں، معصوم ذہنوں میں اسلامی فکر کو پروان چڑھانے اور ان کی زندگی کو صحیح رخ پر ڈالنے والی کتابیں بھی شائقین کتب کے لئے نعمت غیر مترقبہ سے کم نہیں ہیں۔ یہ بک فیر 23نومبر بروز اتوار تک جاری رہے گا جس کے اوقات 11بجے دن تا 9بجے شب رہیں گے۔