اسسٹنٹ سب انسپکٹر نے انسپکٹر کو گولی مارکر خودکشی کرلی

ممبئی۔ 3 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نیم مضافاتی ممبئی کے ایک پولیس اسٹیشن میں ایک سینئر پولیس عہدیدار کو اس کے نائب نے خود کو گولی مارنے کے بعد خودکشی کرلی۔ سینئر پولیس آفیسر زخموں سے جانبر نہیں ہوسکا۔ اس دوران مہاراشٹرا کے چیف منسٹر دیویندر فرنویس نے اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ فرنویس نے مزید کہا کہ انہوں نے ملازمین پولیس کی دماغی و نفسیاتی حالت کا جائزہ لینے کی ہدایت بھی کی ہے جس کی رپورٹ کے مطابق ان (پولیس ملازمین) پر موجود دباؤ میں کمی کے اقدامات کئے جاسکیں۔ ڈپٹی کمشنر کرائم برانچ اور ممبئی پولیس کے ترجمان دھنجئے کلکرنی نے آج کہا کہ سینئر انسپکٹر 54 سالہ ولاس جوشی کل رات ایک خانگی ہسپتال میں فوت ہوگئے۔ سب انسپکٹر 55 سالہ دلیپ شرکے نے جوشی کو گولی مار دی تھی اور پھر پولیس وائرلیس آپریٹر بالا صاحب اہیر پر حملہ آور ہونے کے بعد خود پر گولی چلاتے ہوئے خودکشی کرلیا تھا۔ یہ واقعہ نیم مضافاتی سانتاکروز کے واکولہ پولیس اسٹیشن میں پیش آیا۔ دواخانہ کے ذرائع کے مطابق انسپکٹر جوشی کے بالائی معدہ پر گولیوں کے زخم آئے تھے۔ ڈاکٹروں نے ان کا آپریشن کیا لیکن وہ بچ نہیں سکے۔ جوشی کی آج پورے سرکاری اعزازات کے ساتھ ممبئی کے چندن داڑی شمشان گھاٹ پر آخری رسومات ادا کی گئیں۔ اس موقع پر مہاراشٹرا کے ڈی جی پی سنجیو دیائی ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریہ، جوائنٹ کمشنرس دیوین بھارتی کا اور اتل کلکرنی موجود تھے۔ اس دوران چیف منسٹر فرنویس نے جن کے پاس وزارت داخلہ کا قلمدان بھی ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ممبئی پولیس کمشنر راکیش ماریہ کو اس واقعہ کی مکمل تحقیقات کا حکم دیا ہے۔