اسرائیل ۔ فلسطین بات چیت کے احیاء کیلئے مودی پرامید

اقوام متحدہ ۔ 28 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج ان توقعات کا اظہار کیا جہاں فلسطین اور اسرائیل کے درمیان بات چیت کے احیاء پر انہوں نے زور دیا اور کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان پائے جانے والے تنازعات کی یکسوئی کیلئے بات چیت ہی واحد ذریعہ ہے اور ہندوستان نے بھی ہمیشہ فلسطین کاز کی تائید کی ہے۔ اقوام متحدہ کے بین الاقوامی یوم یگانگت برائے فلسطینی عوام کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہندوستان اس بات کی امید کرتا ہیکہ اسرائیل کے ساتھ ساتھ فلسطین کی بھی آزاد، خودمختار اور متحدہ ریاست قائم ہوجائے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان اسرائیل اور فلسطین کے درمیان بات چیت کے احیاء کا تہہ دل سے خواہاں ہے کیونکہ اسرائیل اور فلسطین پرامن طور پر رواداری کا اظہار کریں تو کوئی وجہ نہیں کہ دونوں شیروشکر کی طرح نہ رہ سکیں۔ ہندوپاک عرصہ دراز سے ایک دوسرے کے پڑوسی ہیں اور کبھی کبھی غلط فہمیوں کی وجہ سے دونوں ممالک میں کشیدگی پیدا ہوجاتی ہے لیکن ان کا وجود ہنوز برقرار ہے اور برقرار رہے گا۔ 1979ء کے بعد سے اب تک ہر سال 29 نومبر کو بین الاقوامی یوم یگانگت برائے فلسطینی عوام کے طور پر منایا جاتا ہے۔