اسرائیل کے 10 شہری ’داعش‘ میں شامل ہوگئے

لندن ، 6 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند تنظیم دولت اسلامی عراق وشام (داعش) کی صفوں میں یورپی، ایشیائی ، عرب اور دیگر ملکوں کے ساتھ اسرائیل کے دس شہریوں کی شمولیت کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ اس کے بعد عالمی برادری کی داعش میں غیرملکیوں کی شمولیت کے بارے میں تشویش میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔ اسرائیلی اخبار ’اسرائیل ٹو ڈے‘ کی رپورٹ کے مطابق داخلی سلامتی سے متعلق ادارہ ’شین بیت‘ نے تصدیق کی ہے کہ اسرائیلی شہریت رکھنے والے 10 افراد’داعش‘کی صفوں میں شامل ہو چکے ہیں۔ داعش میں بھرتی ہونے والے دس شہریوں کے بارے میں معلومات کو اعلیٰ سطح پر اٹھایا گیا ہے۔ سکیورٹی اداروں کے بند کمرہ اجلاس میں اسرائیلی شہریوں کی داعش میں شمولیت روکنے پر غور کیا گیا۔ انٹلیجنس حکام کا کہنا ہے کہ 2011ء میں شام میں صدر بشار الاسد کے خلاف شروع ہونے والی بغاوت کی تحریک کے دوران اب تک سیکڑوں عرب۔اسرائیلی باشندے اس جنگ میں شامل ہو چکے ہیں۔ فلسطین سے شام میں جنگ میں شامل ہونے والے افراد مختلف گروپوں میں بھرتی ہوئے۔