اسرائیل کے صدر نے بھی پروٹوکول توڑ کر مودی کا استقبال کیا

یروشلم ۔5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے آج یہاں اسرائیلی صدر ریووین ریولین سے ملاقات کی اور باہمی تعلقات کو مستحکم بنانے کے مختلف امکانات پر گفت و شنید کی۔ مودی نے ٹوئیٹر پر لکھا کہ ’’اسرائیل کے صدر نے اس حد تک میرا پرتپاک استقبال کیا کہ انہوں نے پروٹوکول توڑ دیا۔ یہ ہندوستانی عوام کے تئیں بے پناہ احترام کی علامت ہے‘‘۔ مودی نے جو گذشتہ روز تین روزہ دورہ پر یہاں پہنچے تھے، صدر ریولین سے انکی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ اس موقع پر انہوں نے گرمجوشانہ مہمان نوازی اور دوستی پر اظہارتشکر کیا۔ صدر کی رہائشگاہ پر موجود مہمانوں کے رجسٹر میں مودی نے لکھاکہ ’’صدر سے آج پھر ملاقات میرے لئے اعزاز ہے۔ میں نے انہیں گذشتہ سال نومبر میں کئے گئے انکے دورہ ہند کی یاد دلائی جب انہوں نے اپنے بہترین حسن و اخلاق سے ہمیں متاثر کیا تھا اور ہندوستان کیساتھ مزید کام کی خواہش کا اظہار کیا تھا‘‘۔